توشہ خانہ، 9 مئی کے کیسز اور پی ٹی آئی رہنماؤں کی عدالتی پیشیاں، متعدد سماعتیں ملتوی
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور دیگر رہنماؤں کے خلاف مختلف مقدمات میں آج اہم عدالتی پیشرفت ہوئی۔ توشہ خانہ ٹو کیس سمیت 9 مئی کے واقعات سے متعلق انسداد دہشتگردی کی متعدد عدالتوں میں سماعتیں ہوئیں، تاہم اکثر کیسز کی سماعتیں ملتوی کر دی گئیں۔
توشہ خانہ 2 کیس: استغاثہ کے گواہ کا بیان ریکارڈ، جرح مکمل
اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف توشہ خانہ 2 کیس میں استغاثہ کے گواہ قیصر محمود کا بیان ریکارڈ کر کے جرح بھی مکمل کرلی گئی۔
راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں کیس کی سماعت سپیشل جج سینٹرل شاہ رخ ارجمند نے کی، سماعت کے دوران استغاثہ کے گواہ قیصر محمود کا بیان ریکارڈ کر کے جرح بھی مکمل کر لی گئی۔
مقدمے میں اب تک مجموعی طور پر 6 گواہان کے بیانات پرجرح بھی مکمل کی جا چکی ہے، آئندہ سماعت پر استغاثہ کے گواہ محسن حسن کو شہادت ریکارڈ کرانے کے لیے طلب کر لیا گیا۔
سماعت کے دوران بانی پی ٹی ائی اور بشری بی بی کو اڈیلہ جیل میں قائم خصوصی عدالت میں پیش کیا گیا، ملزمان کی جانب سے ارشد تبریز، قوسین فیصل مفتی، بیرسٹر سلمان صفدر عدالت میں پیش ہوئے۔
ایف ائی اے کی جانب سے سپیشل پبلک پراسیکیوٹر ذوالفقار عباس نقوی،بیرسٹر عمیر مجید ملک عدالت پیش ہوئے۔
سماعت کے دوران بیرسٹر گوہر، سینیٹر علی ظفر، بانی پی ٹی آئی کی تینوں بہنیں، بشری بی بی کی بھابی بھی عدالت موجود تھی جبکہ کیس کی سماعت 31 مئی تک ملتوی کردی گئی۔
پولی گرافک ٹیسٹ سے بانی پی ٹی آئی کا انکار
انسداد دہشت گردی عدالت لاہور میں بانی پی ٹی آئی کے فوٹوگرافک اور پولی گرافک ٹیسٹ کے معاملے پر ڈی ایس پی جاوید نے رپورٹ پیش کی۔ رپورٹ کے مطابق بانی پی ٹی آئی نے تین بار ٹیسٹ کروانے سے انکار کیا۔ عدالت میں جلد اس حوالے سے سماعت متوقع ہے۔
9 مئی کیسز: بانی پی ٹی آئی کا پولی گرافک ٹیسٹ کرانے سے انکار
آزادی مارچ کیسز کی سماعت
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں بانی پی ٹی آئی کے خلاف تھانہ کوہسار میں درج آزادی مارچ کے دو مقدمات کی سماعت جوڈیشل مجسٹریٹ عباس شاہ کی عدم دستیابی کے باعث بغیر کارروائی ملتوی کر دی گئی۔ عدالت نے مقدمات کی سماعت 19 جون تک ملتوی کرتے ہوئے بریت کی درخواستوں پر دلائل مکمل کرنے کی ہدایت کی۔
اسلام آباد : زرتاج گل آزادی مارچ مقدمات سے بری
9 مئی واقعے کے مقدمات میں پیش رفت
اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت میں تھانہ رمنا پر حملے کے مقدمے کی سماعت جج طاہر عباس سپرا نے کی۔ ملزم زریاب کی غیر حاضری کے باعث فیصلہ مؤخر کر دیا گیا، جسے اب 29 مئی کو سنایا جائے گا۔ ملزم کے وکیل نے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دی تھی۔
9مئی واقعات: کیسز کو تیزی سے نمٹانے کیلئے انسداد دہشتگردی عدالتوں کا بڑا فیصلہ
لاہور میں 9 مئی جلاؤ گھیراؤ مقدمات کی سماعت
انسداد دہشت گردی عدالت لاہور میں 9 مئی کے جناح ہاؤس، عسکری ٹاور اور تھانہ شادمان نذر آتش مقدمات کی سماعت ہوئی،ایم پی اے علی امتیاز وڑائچ، ندیم بارا اور حافظ فرحت عباس کی عبوری ضمانتوں میں 20 جون تک توسیع کی گئی۔عمر ایوب کی تین مقدمات میں ضمانت میں 27 جون تک توسیع کی گئی، عدالت نے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کی۔شاہ محمود قریشی کی درخواست ضمانت پر پراسیکیوشن کی تیاری نہ ہونے کے باعث سماعت 30 مئی تک ملتوی کر دی گئی۔
Aaj English















اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔