Aaj News

چین کے 650 سال پرانے تاریخی ٹاور کا جزوی حصہ اچانک گر گیا، سیاح دیکھتے رہ گئے

فینگ یانگ ڈرم ٹاور چین کے بڑے سیاحتی مقامات میں شمار ہوتا ہے اور یہ بیجنگ سے تقریباً 320 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے
شائع 22 مئ 2025 12:59pm

چین کے صوبہ انہوئی (Anhui) میں واقع 650 سالہ قدیم فینگ یانگ ڈرم ٹاور (Fengyang Drum Tower) پیر کے روز جزوی طور پر منہدم ہوا، جس کے نتیجے میں سیاحوں کو اچانک خطرے سے بچنے کے لیے محفوظ مقامات کی جانب دوڑنا پڑا۔ حادثے میں ٹاور پر لگی سینکڑوں ٹائلیں نیچے گرپڑیں، تاہم خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے، جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ٹاور کا جزوی حصہ زمین بوس ہوتا ہے جس سے ہر طرف دھواں پھیل جاتا ہے۔ ملبہ سیاحتی مقام کے قریب گرنے سے افرا تفری مچ جاتی ہے اور لوگ اپنی جان بچانے کے لیے دوڑنے لگتے ہیں۔

ایک عینی شاہد نے میڈیا کو بتایا کہ ٹاور کی ٹائلیں ایک سے دو منٹ تک مسلسل گرتی رہیں۔“ جبکہ ایک اور سیاح کا کہنا تھا کہ اس وقت چوک میں کوئی موجود نہیں تھا، اور کوئی زخمی نہیں ہوا، ہاں اگر یہ واقعہ تھوڑی دیر کے بعد پیش آتا، تو اس میں وہ بچے مارے جاتے جو وہاں رات کے کھانے کے بعد کھیل رہے تھے۔

غزہ پر اڑتے چین کے امدادی جہاز، وائرل ویڈیوز جعلی نکلیں

یہ تاریخی عمارت سب سے پہلے 1375 میں منگ خاندان (Ming Dynasty) کے دور میں تعمیر کی گئی تھی۔ 1853 میں چنگ خاندان (Qing Dynasty) کے دور میں عمارت کا ایک حصہ تباہ ہو گیا تھا، جسے 150 سال بعد، 1995 میں دوبارہ تعمیر کیا گیا۔ اس تاریخی ورثے کی بحالی کے لیے 2023 میں ایک بحالی منصوبہ شروع کیا گیا تھا، جو مارچ 2024 میں مکمل ہوا۔

تاہم جس چھت کا حصہ گر کر منہدم ہوا، وہ صرف ایک سال قبل ازسرنو تعمیر کیا گیا تھا، جس پر سوشل میڈیا صارفین نے سخت تشویش اور غصے کا اظہار کیا۔

چین کی بھارت پر کڑی ضرب، اروناچل پردیش کو نیا نام دیکر اپنا علاقہ قرار دے دیا

فینگ یانگ ڈرم ٹاور چین کے بڑے سیاحتی مقامات میں شمار ہوتا ہے اور یہ بیجنگ سے تقریباً 320 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔ یہ علاقہ منگ خاندان کے بانی ژو یوان ژانگ (Zhu Yuanzhang) کا آبائی مقام بھی ہے، جس کے باعث یہاں تاریخی اہمیت کی حامل کئی عمارتیں موجود ہیں۔

ایک صارف نے لکھا کہ جدید مرمت کا معیار 650 سال پرانی تعمیر کے مقابلے میں شرمناک ہے۔

واقعے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی تاہم متعلقہ حکام نے معاملے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

Video Viral

collapses

China's 650 Year Old

fengyang Drum Tower