Aaj News

وزیراعظم اور آرمی چیف کا سی ایم ایچ راولپنڈی کا دورہ، معرکہ حق کے زخمی جوانوں کی عیادت کی

پوری قوم اور افواج پاکستان نے جس طرح جنگ لڑی اس کی مثال نہیں ملتی، وزیراعظم
اپ ڈیٹ 16 مئ 2025 06:30pm
PM, Army Chief Visit CMH, Praise Nation’s Resolve - Aaj News

وزیراعظم شہبازشریف اور آرمی چیف نے یوم تشکر پر سی ایم ایچ راولپنڈی کا دورہ کیا، معرکہ حق میں زخمی جوانوں اور شہریوں کی عیادت کی۔ اس موقع پر وزیراعظم نے کہا پوری قوم اور افواج پاکستان نے جس طرح جنگ لڑی اس کی مثال نہیں ملتی۔ عوام کی ثابت قدمی ملک کی عسکری تاریخ کا ایک فیصلہ کن باب بن چکی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کے ہمراہ آج سی ایم ایچ راولپنڈی کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے حالیہ معرکہ حق کے دوران زخمی ہونے والے جوانوں اور شہریوں کی عیادت کی۔

وزیراعظم نے زخمیوں کی خیریت دریافت کی اور ان کے حوصلے، بہادری اور فرض شناسی کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ افواجِ پاکستان اور پوری قوم نے جس دلیری اور اتحاد کے ساتھ دشمن کا مقابلہ کیا اس کی مثال دنیا میں نہیں ملتی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے مزید کہا کہ دشمن کے خلاف اس تاریخی جدوجہد میں عوام نے جس استقامت کا مظاہرہ کیا، وہ ملک کی عسکری تاریخ کا ایک فیصلہ کن باب بن چکا ہے۔

سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل نوید اشرف کا سی ایم ایچ راولپنڈی کا دورہ

دریں اثنا، سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل نوید اشرف نے سی ایم ایچ راولپنڈی کا دورہ کیا اور آپریشن بُنْيَانٌ مَّرْصُوْصٌ میں زخمی ہونے والے جوانوں اور شہریوں کی عیادت کی۔

نیول چیف نے زخمیوں سے ملاقات میں ان کی غیر معمولی بہادری، جرات مندی اور فرض شناسی کو خراج تحسین پیش کیا۔ ایڈمرل نوید اشرف نے زخمیوں سے بات کرتے ہوئے ان کی فوری صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور انہیں حوصلہ افزائی فراہم کی۔

پاک بحریہ کے سربراہ نے زخمیوں کی جرات و بہادری کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی قربانیاں اور ہمت نہ صرف ہمارے دفاع کا مظہر ہیں بلکہ یہ ثابت کرتی ہیں کہ قوم اور مسلح افواج دشمن کی کسی بھی مہم جوئی کا بھرپور جواب دینے کے لیے متحد ہیں۔

صدر، وزیراعظم، آرمی چیف کی شہید اسکواڈرن لیڈرعثمان یوسف کے گھرآمد

صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے بھارت کے خلاف معرکۂ حق میں جامِ شہادت نوش کرنے والے اسکواڈرن لیڈر عثمان یوسف شہید کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے اہلِ خانہ سے ملاقات کی۔

وزیراعظم شہباز شریف اور آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے عثمان یوسف شہید کے گھر جا کر ان کے اہلِ خانہ سے تعزیت کی، فاتحہ خوانی کی اور شہید کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔ وزیراعظم نے شہید کی بہادری، عزم اور فرض شناسی کو سراہتے ہوئے کہا کہ پوری قوم اپنے ہیرو کی قربانی پر فخر کرتی ہے۔

آپریشن بُنْيَانٌ مَّرْصُوْصٌ: معرکہ حق میں تاریخی فتح پر ملک بھر میں آج یوم تشکر منایا جارہا ہے

صدر مملکت آصف علی زرداری نے بھی راولپنڈی میں شہید کے گھر کا دورہ کیا، اہلِ خانہ سے ملاقات کی اور اظہارِ ہمدردی کرتے ہوئے صبر جمیل کی دعا کی۔ صدر نے کہا کہ بھارتی سورماؤں کو پاک افواج نے جس انداز میں شکست دی، اس پر پوری قوم افواجِ پاکستان کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتی ہے۔

افواج نے دشمن کو اسی کی زبان میں جواب دے کر عسکری تاریخ کا سنہرا باب رقم کیا، صدر، وزیراعظم

قومی قیادت کی جانب سے شہید کو خراج تحسین اور ان کے اہلِ خانہ سے اظہارِ تعزیت اس عزم کا اظہار ہے کہ وطن کے دفاع پر قربان ہونے والے سپوتوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

COAS

PM Shehbaz Sharif

President Asif Ali Zardari

Pakistan India Clash 2025

Operation Bunyan Um Marsoos

Murka e Haq

visits CMH Rawalpindi

Squadron Leader

Usman Yousuf Shaheed