Aaj News

وزیراعلیٰ پنجاب کا فیصل آباد میں میٹرو اور الیکٹرک بسیں چلانے کا اعلان

مریم نواز نے فیصل آباد کے لیے لاہور کی طرز پر فیصل آباد ڈیولپمنٹ پلان لانے کا بھی اعلان کردیا
اپ ڈیٹ 14 مئ 2025 08:08pm

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے فیصل آباد میں میٹرو اور الیکٹرک بسیں چلانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ لاہور کے طرز پر فیصل آباد میں بھی ڈیولپمنٹ پلان لا رہے ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے جی سی یونیورسٹی فیصل آباد میں لیپ ٹاپ اور ہونہار اسکالرشپ فیز ٹو کی تقریب سے خطاب کے دوران اہم اعلانات کیے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے اگلے سال فیصل آباد میں میٹروبس سروس شروع کرنے اور گرین الیکٹرک بسیں چلانے کا اعلان کردیا۔

مریم نواز نے کہا کہ اگلے سال فیصل آباد میں میٹروبس سروس شروع کی جائے گی اور فیصل آباد میں گرین الیکٹرک بسیں چلائے جائیں گی۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے فیصل آباد کے لیے لاہور کی طرز پر فیصل آباد ڈیولپمنٹ پلان لانے اور فیصل آباد ڈیژن کے شہروں کے ساتھ ساتھ گاؤں کو بھی ماڈل ولیج بنانے کا بھی اعلان کیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ لیپ ٹاپ اور اسکالر شپ طلبہ پر احسان نہیں بلکہ ان کا حق ہے، میں عوام کی امانتوں کی امین ہوں، سب کچھ بیٹے اور بیٹیوں کا ہے، بچوں کے ہاتھ میں لاٹھی اور اسلحہ اچھا نہیں لگتا بلکہ لیپ ٹاپ اچھے لگتے ہیں، پراجیکٹس کا معائنہ کرنے کے دوران سبزی کے نرخ چیک کیے، اللہ کا شکر ہے اشیاء کے نرخ نیچے آرہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میں زیادہ سے زیادہ بچوں کو لیپ ٹاپ اور اسکالر شپ دینا چاہتی ہوں، ہمارے بچے لائق، ذہین اور محنتی ہیں، ہمار ا مستقبل انہی سے روشن ہے، لیپ ٹاپ اور اسکالرشپ لینے والے بچوں، ان کے والدین اور اہل خانہ کو مبارک باد پیش کرتی ہوں۔

طلبہ کو لیپ ٹاپ اور ہونہاراسکالر شپ کے چیک تقسیم

ادھر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے فیصل آباد جی سی یونیورسٹی میں طلبہ کو لیپ ٹاپ اور ہونہاراسکالر شپ کے چیک تقسیم کیے جبکہ مریم نواز طلبہ کی درخواست پر خود بھی قومی ترانےمیں شامل ہوگئیں۔

فیصل آباد ڈویژن کے طلبہ کو 10کروڑ روپے سے زائد کے اسکالر شپ اور 5928 طلبہ کو لیپ ٹاپ دیے گئے جبکہ طالبات نے مریم نواز کو پورٹریٹ اور پینسل اسکیچ پیش کیے۔

طالبات نے لپپ ٹاپ اسکیم اور ہونہار اسکالر شپ پر وزیراعلی مریم نواز کو خراج تحسین پیش کیا۔ مریم نواز نے فیصل آباد ڈویژن کے ارکان اسمبلی اور ٹکٹ ہولڈر سے بھی ملاقات کی۔

cm punjab

Maryam Nawaz

lahore

Maryam Nawaz Sharif

CM Punjab Maryam Nawaz

metro bus service

green electric buses