پاکستان کو آئی ایم ایف سے ایک ارب ڈالر کی قسط موصول
پاکستان کو بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے توسیعی فنڈ سہولت پروگرام کے تحت 76 کروڑ خصوصی ڈرائنگ رائٹس (760 ملین ایس ڈی آر)، یعنی 1.023 ارب ڈالر کی دوسری قسط موصول ہوگئی ہے، اسٹیٹ بینک نے بدھ کو تصدیق کردی۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان (SBP) نے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر جاری بیان میں کہا کہ ”آئی ایم ایف سے توسیعی فنڈ سہولت (EFF) پروگرام کے تحت 760 ملین ایس ڈی آر (1.023 ارب امریکی ڈالر) کی دوسری قسط موصول ہو چکی ہے۔“
اسٹیٹ بینک نے مزید کہا کہ یہ رقم 16 مئی 2025 کو ختم ہونے والے ہفتے میں غیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں ظاہر کی جائے گی۔
یہ پیشرفت ایسے وقت میں ہوئی ہے جب چند روز قبل آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ نے توسیعی فنڈ سہولت کے تحت پہلے جائزے کی تکمیل کی تھی، جس کے بعد پاکستانی حکام کو تقریباً ایک ارب ڈالر نکالنے کی اجازت دی گئی۔ اجلاس کے دوران بھارت نے ادائیگی روکنے کی کوشش کی، تاہم وہ ناکام رہا۔
آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ نے جمعے کو حکومت پاکستان کی ریزیلینس اینڈ سسٹین ایبلٹی فیسلٹی (RSF) کے تحت ایک اور پروگرام کی منظوری بھی دی، جس کا مقصد ماحولیاتی خطرات اور قدرتی آفات سے نمٹنے میں ملک کی استعداد بڑھانا ہے۔ اس پروگرام کے تحت پاکستان کو تقریباً 1.4 ارب ڈالر تک رسائی حاصل ہو گی۔
پاکستان کے جون میں متوقع بجٹ پر بھی آئی ایم ایف اور وزارت خزانہ کے درمیان مذاکرات شروع ہو رہے ہیں۔ بدھ کے روز شروع ہونے والے مذاکرات میں بجٹ کے اہم خدوخال پر غور کیا جائے گا۔
Aaj English


















اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔