بھارت کسی بھی وقت پاکستان کیخلاف جارحانہ قدم اٹھا سکتا ہے، خواجہ آصف نے قوم کو خبردار کردیا
وزیردفاع خواجہ آصف نے قوم کو خبردار کردیا ہے کہ بھارت کسی بھی وقت پاکستان کے خلاف جارحانہ قدم اٹھا سکتا ہے، بھارتی سرکار جتنا شورشرابہ کرچکی ہے ان کے لیے اب پیچھے ہٹنا مشکل ہے، ہم بھارتی فوج کی تمام نقل وحرکت پر نظر رکھے ہوئے ہیں، فضا، زمین اور سمندر ہر جگہ تیار ہیں، پاکستان کی ایک انچ زمین پر قدم نہیں رکھنے دیں گے، اس بار چائے پلا کر نہیں، جوتیاں مار کر واپس بھیجیں گے، پاکستان کا پانی روکا تو انہیں اسی پانی میں ڈبو دیں گے۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے وزیردفاع خواجہ آصف نے کہا کہ بھارت کسی بھی وقت جنگ چھیڑ سکتا ہے، انڈیا کسی بھی وقت جارحانہ قدم اٹھا سکتا ہے، بھارت کسی بھی وقت ایل او سی پر حملہ کرسکتا ہے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ ہمیں ہر لمحہ اس حملے کے لیے تیار رہنا چاہیئے، ہم بھارت کو جواب دینے کے لیے بالکل تیار ہیں، ہندوتوا لابی کے لیے کوئی نہ کوئی ایڈونچر ہوگا، اس ایڈونچر کا کوئی بھی ٹائم شیڈول نہیں ہے۔
وزیر دفاع کا مزید کہنا تھا کہ بھارتی سرکار جتنا شورشرابہ کرچکی ہے ان کے لیے اب پیچھے ہٹنا مشکل ہے، مودی نے یہ ساری واردات ووٹوں کے لیے کی ہے، مودی کے لیے متشدد ذہنیت بہت اہمیت رکھتی ہے، بھارتی قیادت اپنے ہی بیانیے کی قیدی بن چکی ہے، بھارتیوں کو مطمئن کرنے کے لیے مودی واردات ضرور کرے گا، ہمیں کسی بھی وقت کسی ایڈونچر کے لیے تیار رہنا چاہیئے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج منہ توڑ جواب دینے کے لیے تیار ہیں، پاک بھارت لڑائی کسی بھی وقت ہوسکتی ہے، سرجیکل اسٹرائیک، ایئراٹیک، گراؤنڈ یا سمندروں پر ہم تیار ہیں۔
خواجہ آصف نے کہا کہ سرحد کے ساتھ ہوائی اڈوں اور بندرگاہوں پر نظر رکھی ہے، ہم بھارتی فوج کی تمام نقل وحرکت پر نظر رکھے ہیں، خواب دیکھنے پر کوئی پابندی نہیں، بھارت کے خواب، خواب ہی رہیں گے۔
وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ ہم ہاتھ پر ہاتھ دھرے نہیں بیٹھے ہیں، ہم نے کوئی ڈرل نہیں کی، کوئی رولا نہیں ڈالا، قوم کو اللہ کی ذات اور اپنی افواج پر اعتماد ہے، رافیل سرحد کے بہت قریب آئے لیکن ان کا سب کچھ جام ہوگیا، رافیل کو سری نگر میں ایمرجنسی لینڈنگ کرنا پڑی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ایک انچ زمین پر قدم نہیں رکھنے دیں گے، اس بار چائے پلا کر نہیں، جوتیاں مار کر واپس بھیجیں گے، مودی رنگ بازی کررہا ہے، مودی اپنی فوج کو مختلف قسم کا مینیو دے رہا ہے، پاکستان کا پانی روکا تو انہیں اسی پانی میں ڈبو دیں گے۔
Aaj English















اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔