Aaj News

بلوچستان میں ’بھارت کی پراکسی‘ بی ایل اے کا سیکیورٹی فورسز کی گاڑی پر بم حملہ، پاک فوج کے 7 جوان شہید

دھماکے میں 5 سیکیورٹی اہلکار زخمی بھی ہوئے، آئی ایس پی آر
شائع 06 مئ 2025 10:37pm

پہلگام میں جھوٹ کا پہاڑ کھڑا کرنے والا بھارت بلوچستان میں دہشت گردوں کی کھلم کھلا سرپرستی کرنے لگا، بلوچستان کے علاقے مچھ میں بھارتی آلہ کار کالعدم بلوچستان لبریشن آرمی (بی ایل اے) کے سیکیورٹی فورسز کی گاڑی پر دیسی ساختہ بم حملے میں پاک فوج کے 7جوان شہید اور 5 زخمی ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 6 مئی کو بلوچستان کے ضلع کچھی کے علاقے مچھ میں بھارتی ایما پر کام کرنے والی کالعدم تنظیم نام نہاد ’بلوچ لبریشن آرمی‘ کے دہشت گردوں نے سیکیورٹی فورسز کی گاڑی کو دیسی ساختہ دھماکہ خیز مواد سے نشانہ بنایا، بی ایل اے نے بارودی سرنگ نصب کر رکھی تھی، جس سے سیکیورٹی فورسز کی گاڑی ٹکراگئی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق بی ایل اے کے دہشت گردوں کے اس بزدلانہ حملے میں پاک فوج کے 7 بہادر جوان جام شہادت نوش کرگئے جبکہ دھماکے میں 5 سیکیورٹی اہلکار زخمی بھی ہوئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آئی ای ڈی دھماکے کے نتیجے میں شہید ہونے والوں میں کراچی کے 42 سالہ صوبیدار عمر فاروق، کرک کے 28 سالہ نائیک آصف خان، اورکزئی کے 28 سالہ نائیک مشکور علی، لکی مروت کے 26 سالہ سپاہی طارق نواز، باغ کے 28 سالہ سپاہی واجد احمد فیض، کرک کے 22 سالہ سپاہی محمد عاصم اور کرک کے 28 سالہ سپاہی محمد کاشف خان شامل ہیں۔

آئی ایس پی آر نے کہا کہ علاقے میں موجود کسی بھی ممکنہ دہشت گرد کے خاتمے کے لیے کلئیرنس آپریشن بھی کیا گیا تاکہ اس گھناؤنے اور بزدلانہ فعل کے مرتکب افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جاسکے۔

ترجمان کے مطابق سیکیورٹی فورسز قوم کے شانہ بشانہ بلوچستان کے امن، استحکام اور ترقی کو سبوتاژ کرنے کی تمام کوششوں کو ناکام بنانے کے لئے پرعزم ہیں اور ہمارے بہادر سپاہیوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید تقویت دیتی ہیں۔

آئی ایس پی آر کا مزید کہنا تھا کہ بھارت اور پاکستانی سرزمین پر کام کرنے والی اس کے پراکسیز کے مذموم عزائم کو بہادر سیکیورٹی فورسز، قانون نافذ کرنے والے ادارے اور پاکستان کی بہادر قوم انشاء اللہ شکست دے گی۔

وزیراعظم کی سیکیورٹی فورسز کی گاڑی پر حملے کی شدید مذمت

وزیراعظم شہباز شریف نے مچھ میں سیکیورٹی فورسز کی گاڑی پر بھارتی پراکسی حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا۔

وزیراعظم نے شہدا کی بلندی درجات کی دعا کی اور شہدا کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کیا۔

شہباز شریف نے کہا کہ شہدا کو سلام پیش کرتی ہے، یہ قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، بہادر جوان دشمن کے ناپاک عزائم کو شکست دینے کے ہروقت تیار ہیں، ایسی بزدلانہ کارروائیوں سےہمارے عزم کو متزلزل نہیں کرسکتیں، ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک جنگ جاری رہے گی۔

صدر مملکت کی دہشت گرد حملے کی مذمت

صدر مملکت آصف علی زرداری نے بھارتی پراکسی بلوچ لبریشن آرمی کے سیکیورٹی فورسز پر دہشت گرد حملے کی مذمت کی ہے۔

صدر مملکت نے واقعے کے شہدا کے لواحقین کے ساتھ اظہار تعزیت کی اور بہادر جوانوں کے جذبہ حب الوطنی کو سراہا۔

آصف علی زرداری نے صوبیدار عمر فاروق، نائیک آصف خان اور دیگر شہدا کو خراج عقیدت بھی پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گرد ملکی ترقی اور صوبے کی خوشحالی کے دشمن ہیں، دہشت گرد بلوچستان کو ترقی کرتا نہیں دیکھنا چاہتے۔

صدر آصف زرداری نے شہدا کے لیے بلندی درجات اور ان کے اہل خانہ کے لیے صبر و جمیل کی دعا کی۔

وزیر اعلیٰ پنجاب کی سیکیورٹی فورسز پر حملے کی شدید مذمت

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کو دھماکے کا نشانہ بنانے کی شدید مذمت کی ہے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب نے دھماکے میں 7 شہید سیکیورٹی اہلکاروں کی لازوال قربانی کو خراج عقیدت پیش کیا۔

مریم نواز نے سوگوار خاندانوں سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی۔

چیئرمین سینیٹ کی سیکیورٹی فورسز پر حملے کی شدید مذمت

چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے بلوچستان کے ضلع کچھی کے علاقے مچھ میں سیکیورٹی فورسز پر حملے کی شدید مذمت کی ہے۔

یوسف رضا گیلانی نے حملے میں 7 سیکیورٹی اہلکاروں کے جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا اور شہید اہلکاروں کو خراج عقیدت، شہدا کی مغفرت اور بلندی درجات کی دعا کی۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کی بزدلانہ کارروائیاں قوم کے حوصلے پست نہیں کرسکتیں۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان کی سیکیورٹی فورسز پر دہشتگرد حملے کی شدید مذمت

وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے بھی مچھ کے قریب سیکیورٹی فورسز پر دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کی ہے۔

سرفراز بگٹی نے کہا کہ نام نہاد بی ایل اے بھارتی ایما پر ریاست مخالف سرگرمیوں میں ملوث ہے، شہدا کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، دہشت گردوں کو انجام تک پہنچائیں گے، بلوچستان کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی ہر سازش ناکام بنائیں گے۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان نے مزید کہا کہ بزدلانہ حملہ قوم کے حوصلے پست نہیں کر سکتا، امن کے دشمنوں کے خلاف کارروائی مزید سخت کی جائے گی، قوم اپنے شہدا کو سلام پیش کرتی ہے، پوری ریاست سوگوار خاندانوں کے ساتھ ہے۔

بلوچستان

security forces

BLA

Baloch Liberation Army

security forces operation