Aaj News

وزیراعظم شہباز شریف سے بلاول بھٹو کی ملاقات، بجٹ پر مشاورت

ملاقات میں بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کو دو ماہ میں صوبوں کے حوالے کرنے کا فیصلہ کیاگیا۔
شائع 06 مئ 2025 08:45am
فائل فوٹیج
فائل فوٹیج

وزیراعظم شہباز شریف سے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی، جس میں آئندہ وفاقی بجٹ سمیت دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم ہاؤس سے جاری اعلامیہ کے مطابق حکومت نے اپنی سب سے بڑی اتحادی جماعت پیپلز پارٹی کے ساتھ آئندہ بجٹ پر باضابطہ مشاورت کا آغاز کر دیا ہے۔ ملاقات میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ حکومت تمام اہم قومی معاملات میں اتحادی جماعتوں سے مشاورت کو ترجیح دیتی ہے۔

پیپلز پارٹی کے وفد نے آئندہ مالی سال کے بجٹ کے حوالے سے تجاویز پیش کیں۔ اعلامیہ کے مطابق یہ بجٹ مشاورت کا پہلا دور تھا، اور مستقبل میں حکومتی کمیٹی کے ساتھ پیپلز پارٹی کی مشاورت جاری رہے گی۔

مالی سال 26-2025 کا بجٹ: حکومت کا آئی ایم ایف سے مشاورت کا فیصلہ

ملاقات کے دوران بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کو دو ماہ کے اندر صوبوں کے حوالے کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا، جسے مرکز سے صوبوں کو اختیارات کی منتقلی کے تناظر میں اہم پیشرفت قرار دیا جا رہا ہے۔

Bilawal Bhutto Zardari

Pakistan People's Party (PPP)

PM SHAHBAZ SHARIF

Budget 2025 26