’پہلگام حملے سے بغیر ثبوت پاکستان کو جوڑنے کا الزام مسترد،‘ وزیراعظم سے ایرانی وزیر خارجہ کی ملاقات
وزیراعظم سے ایرانی وزیرخارجہ عباس عراقچی نے ملاقات کی اور کہا کہ بغیر ثبوت پاکستان کو پہلگام حملے سے جوڑنے کو مسترد کرتے ہیں، شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان نے واقعہ کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کی پیشکش کی ہے۔ ایرانی وزیرخارجہ نے صدر مملکت آصف زرداری اور آرمی چیف سے بھی ملاقات کی۔ سپہ سالارجنرل عاصم منیر سے جیواسٹریٹجک صورتحال پر گفتگو ہوئی۔
عباس عراقچی کی وزیراعظم سے ملاقات
وزیراعظم نے ایران کے شہر بندر عباس میں ہونے والے المناک دھماکے کے نتیجے میں قیمتی جانوں کے ضیاع اور سیکڑوں افراد کے زخمی ہونے پر ایرانی وزیر خارجہ سے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔
شہباز شریف نے ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای اور صدر مسعود پیزشکیان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور کہا کہ پاکستان ایران کے ساتھ اپنے تاریخی، گہرے برادرانہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔
صدر پیزشکیان کے ساتھ اپنی متعدد ملاقاتوں اور حالیہ ٹیلی فون کال کو یاد کرتے ہوئے وزیراعظم نے پاکستان ایران دوطرفہ تعلقات میں مثبت پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے ایران کے ساتھ تجارت، توانائی، سرحدی انتظام اور علاقائی رابطوں میں تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا، شہباز شریف نے پہلگام واقعے کے بعد سے ہندوستان کے اشتعال انگیز رویے کے نتیجے میں جنوبی ایشیاء میں موجودہ کشیدگی پر پاکستان کی شدید تشویش کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے بغیر کسی ثبوت کے پاکستان کو واقعے سے جوڑنے کی کسی بھی کوشش کو واضح طور پر مسترد کر دیا، پاکستان نے پیشکش کی ہے کہ پہلگام واقعے کے پس پردہ حقائق کا پتہ لگانے کے لیے بین الاقوامی شفاف، غیر جانبدار اور معتبر تحقیقات کرائی جائیں۔
شہباز شریف نے خطے میں امن، استحکام اور ترقی کے لیے ایران کے ساتھ مل کر کام کرنے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔
ایرانی وزیرخارجہ نے صدر پیزشکیان کی طرف سے وزیراعظم کو اس سال کے دوران ایران کا سرکاری دورہ کرنے کی دعوت کا بھی اعادہ کیا۔
ایرانی وزیر خارجہ کی صدر مملکت سے ملاقات
دریں اثنا صدر مملکت سے ایرانی وزیرخارجہ کی ملاقات کی ایران کے شہر بندر عباس میں ہونے والے المناک دھماکے کے نتیجے میں قیمتی جانوں کے ضیاع اور سیکڑوں افراد کے زخمی ہونے پر ایرانی وزیر خارجہ سے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔
ملاقات میں ایرانی وزیر خارجہ نے پاک بھارت کشیدگی کم کرنے پر زور دیا، ایرانی وزیرخارجہ کی صدر مملک سے ملاقات میں افغانستان کی صورتحال بھی زیرغورآئی۔
ایرانی وزیرخارجہ کی آرمی چیف سے ملاقات
بعد ازاں، پاکستان کے دورے پر آئے یوئے اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے جی ایچ کیو راولپنڈی میں آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں جیو اسٹریٹجک صورحال پر تعمیری بات چیت کی گئی، بالخصوص سیکیورٹی کے شعبے میں دونوں ممالک کو درپیش چیلنجوں پر خصوصی توجہ رہی۔ گفتگو کے دوران پاک ایران بارڈر سیکیورٹی میکنزم کا بھی جائزہ لیا گیا۔
آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے اس موقع پر کہا کہ کہ پاکستان اور ایران برادرانہ پڑوسی ہیں، مشترکہ تاریخی، ثقافتی اور مذہبی گہرے رشتوں سے جڑے ہوئے ہیں۔
آرمی چیف اور ایرانی وزیر خارجہ نے ملاقات میں خطے سے متعلق امور میں مثبت پیش رفت لانے میں تعاون کے لیے مشترکہ طور پر کام کرتے ہوئے باہمی تعاون کو بڑھانے کے لیے مصروف رہنے پر اتفاق کیا۔
ایرانی وزیر خارجہ عباسی عراقچی نے خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کی کوششوں کا بھی اعتراف کیا۔
Aaj English















اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔