Aaj News

اسلام آباد: تیز آندھی کے باعث زیر تعمیر مکان کی شٹرنگ گر گئی،2 مزدور جاں بحق

اسلام آباد میں بارش کی رم جھم سے موسم خوشگوار، بجلی کی فراہمی کا سلسلہ بھی معطل ہوگیا
اپ ڈیٹ 01 مئ 2025 08:46pm

اسلام آباد میں آندھی اورطوفان کے ساتھ بارش کے باعث زیر تعمیر مکان کی شٹرنگ گرنے سے 2 مزدور جاں بحق جبکہ 2 شدید زخمی ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں تیز آندھی کے ساتھ بارش کے باعث تھانہ سنبھل کے حدود میں زیر تعمیر مکان کی دوسری منزل پر شیٹرنگ لگانے والے 4 مزدورشٹرنگ سمیت نیچے آگرے حادثے میں 2 مزدورجاں بحق 2 شدید زخمی ہوگئے۔

ریسکیو حکام کے مطابق زخمی مزدورں کو تشویشناک حالت میں فوری طور پر اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

شہر اقتدار میں بارش کی رم جھم اور ٹھنڈی ہوائوں سے موسم خوشگوار ہوگیا

ادھر شہر اقتدار میں بادلوں کا بسیرا، بارش کی رم جھم اور ٹھنڈی ہوائیں،،جڑواں شہروں کا موسم خوشگوار ہوگیا، اکثر شہروں میں بجلی کی فراہمی کا سلسلہ بھی معطل ہوگیا، محکمہ موسمیات نے مزید بارشوں کی پیشگوئی کردی ہے۔

راولپنڈی اسلام آباد میں کالے بادل، گرج چمک اور ٹھنڈی ہواؤں نے موسم کو خوشگوار بنا دیا ہے، طوفانی بارش کے ساتھ درجہ حرارت میں بھی نمایاں کمی دیکھنے میں آئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق سیدپور کے مقام 8 ملی میٹر ، گولڑہ 7 ملی میٹر ، پی ایم ڈی 8 جبکہ شمس آباد پر 8 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی جا چکی ہے۔ایم ڈی واسا نے کہا کہ نالہ لئی کی مانیٹرنگ کی جارہی ہے تاہم ابھی نالہ لئی میں پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق ہے۔

ترجمان آئیسکو کے مطابق اسلام آباد اور راولپنڈی سرکل میں گرج چمک کے ساتھ بارش سےمتعدد 11 کے وی فیڈرزٹریپ کرگئے۔ متاثرہ فیڈرز میں پیر سوہاوہ ،سپریم کورٹ ،جی ایٹ مرکز ،علی پور، میرا جعفر،بنی گالا ،یو سی روڈ ،سیام محمدی چوک، نیو مل پور ،رینج روڈ امارات،گرجا گھر، ہمک، جی ایٹ ٹو سنگجانی فیڈرز شامل ہیں جن کی بحالی کیلئے کام جاری ہے۔

محکمہ موسمیات نے آئندہ چند روز مزید بارشوں کی پیشگوئی کی ہے ۔۔

اسلام آباد

rainy weather

2 labour dead