Aaj News

اسٹیٹ بینک کا شرح سود 12 فیصد پر برقرار رکھنے کا فیصلہ

اسٹیٹ بینک نے مانیٹری پالیسی کا اعلان کردیا
اپ ڈیٹ 10 مارچ 2025 10:12pm

اسٹیٹ بینک نے مانیٹری پالیسی کا اعلان کردیا، بنیادی شرح سود12 فیصد پر برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

اسٹیٹ بینک کے مطابق فروری 2025 میں مہنگائی توقع سے کم رہی، تاہم خوراک اور توانائی کی قیمتوں کا بڑھنا مہنگائی میں اضافے کا باعث بن سکتا ہے۔

اسٹیٹ بینک کا کہنا ہے کہ بڑھتی درآمدات کے باعث بیرونی کھاتے کا کچھ دباؤ سامنے آیا ہے، جنوری 2025 میں جاری کھاتہ 40 کروڑ ڈالر خسارے میں رہا جو گزشتہ چند ماہ سے فاضل تھا۔

اسٹیٹ بینک کے مطابق اسٹیٹ بینک کے زرمبادلہ کے ذخائر میں کمی آئی ہے، پہلی ششماہی میں بڑے پیمانے کی اشیا سازی کی پیداوار گھٹ گئی، جنوری اور فروری میں ٹیکس محاصل کے ہدف میں ناکامی ہوئی۔

ملکی ترسیلات زر کے اعدادوشمار

ملکی ترسیلات زر فروری 2025 میں 3 ارب 10 کروڑ ڈالر موصول ہوئیں، فروری 2024 کے مقابلے میں فروری 2025 میں ملکی ترسیلات زر 38.6 فیصد بڑھی۔

اسٹیٹ بینک ذرائع کی رپورٹ رپورٹ میں بتایا گیا کہ جنوری 2025 کے مقابلے فروری 2025 میں 3.8 فیصد بڑھ کر ترسیلات زر موصول ہوئیں۔

رواں مالی سال کے آٹھ مہینوں میں 32.5فیصد اضافے سے ترسیلات زر کا کل حجم 24 ارب ڈالر رہا اسی طرح پاکستان کو سب سے زیادہ سعودی عرب سے 74 کروڑ 44 لاکھ ڈالر موصول ہوئے۔

متحدہ عرب امارات سے 65 کروڑ 22 لاکھ ڈالر، برطانیہ سے 50 کروڑ اور امریکا سے 30 کروڑ 94 لاکھ ڈالر موصول ہوئے۔

Monetary policy

State Bank Of pakistan