پیکا ترمیمی ایکٹ: لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب حکومت اور پی ٹی آئی سے جواب طلب کرلیا
لاہور ہائیکورٹ نے پیکا ترمیمی ایکٹ 2025 کے خلاف درخواستوں پر پنجاب حکومت اور پاکستان ٹیلی کمیونیکشین اتھارٹی (پی ٹی اے) سے جواب طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔
لاہور ہائیکورٹ میں پیکا ترمیمی ایکٹ 2025 کے خلاف دائر درخواستوں پر سماعت ہوئی۔ جسٹس فاروق حیدر نے صحافی تنظیم سمیت دیگر درخواست گزاروں کی درخواستوں پر سماعت کی۔
وفاقی حکومت کی جانب سے عدالت میں جواب جمع کروا دیا گیا تاہم حکومت پنجاب اور پی ٹی اے کی جانب سے جواب جمع نہ کروانے پر عدالت نے اظہارِ برہمی کیا۔
پی ٹی اے کے وکیل نے استدعا کی کہ ہمیں جواب جمع کروانے کے لیے مزید مہلت دی جائے، جس پر جسٹس فاروق حیدر نے واضح کیا کہ اگر آئندہ سماعت پر فریقین کی جانب سے جواب نہ آیا تو قانون اپنا راستہ لے گا۔
پیکا ایکٹ میں ترمیم کیخلاف درخواست پر وفاقی حکومت سے جواب طلب
بعدازاں عدالت نے پی ٹی اے اور حکومت پنجاب سے جواب طلب کرتے ہوئے سماعت 13 مارچ تک ملتوی کر دی۔
یاد رہے کہ لاہور ہائیکورٹ میں دائر درخواست میں درخواست گزاروں نے مؤقف اختیار کیا کہ پیکا ایکٹ میں ترمیم کے ذریعے فیک انفارمیشن پر 3 برس قید،جرمانے کی سزا ہوگی، ماضی میں پیکا ایکٹ کو ایک خاموش ہتھیار کے طور پر استعمال کیا جاتا رہا ہے جبکہ پیکا ترمیمی ایکٹ میں نئی سزاؤں کے اضافے سے تھوڑی سی آزادی بھی ختم ہو جائے گی۔
درخواست گزاروں کا مزید کہنا تھا کہ پیکا ترمیمی ایکٹ بل متعلقہ اسٹیک ہولڈرز اور صحافتی تنظیموں کی مشاورت کے بغیر پیش کیا گیا، جس کے باعث اس کی شفافیت مشکوک ہے، عدالت سے استدعا کی گئی کہ پیکا ترمیمی ایکٹ 2025 کی متنازعہ شقوں کو کالعدم قرار دیا جائے۔
متنازع پیکا ایکٹ ترمیم کیخلاف درخواست، اٹارنی جنرل معاونت کیلئے طلب
اسلام آباد ہائیکورٹ نے متنازع پیکا ایکٹ ترمیم کے خلاف درخواست پر سماعت کے دوران اٹارنی جنرل آف پاکستان کو معاونت کے لیے طلب کرلیا۔
جسٹس انعام امین منہاس نے پوٹھوہار یونین آف جرنلسٹس کی درخواست پر سماعت کی، درخواست گزار وکیل عادل عزیز قاضی عدالت پیش ہوئے۔
دورانِ سماعت اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس انعام امین منہاس نے ریمارکس دیے کہ اس طرح کی اور درخواستیں بھی ہیں، اس پربھی وہی آرڈر کردیتے ہیں۔
بعدازاں عدالت نے اٹارنی جنرل آف پاکستان کو معاونت کے لیے طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔
واضح رہے کہ پی ایف یو جے، اسلام آباد ہائیکورٹ جرنلسٹس ایسوسی ایشن اور دیگر درخواستیں بھی اسی سلسلے میں زیرسماعت ہیں۔
عدالت نے تینوں درخواستیں17 اپریل کو سماعت کے لیے مقرر کررکھی ہیں جبکہ عدالت نے پہلے تینوں درخواستوں پر بھی اٹارنی جنرل کو معاونت کے لیے طلب کر رکھا ہے۔
Aaj English



















اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔