Aaj News

کراچی؛ بینک لاکرز سے شہری کا 10 کروڑ مالیت کا سامان چوری

سرجانی فور کے چورنگی کے قریب ڈکیتوں کی فائرنگ سے 2 افراد زخمی ہوگئے
شائع 04 مارچ 2025 11:33pm

شہر قائد کے علاقے درخشاں کے بینک لاکر سے شہری کا 10 کروڑ مالیت کا سامان چوری ہوگیا۔ کراچی میں فائرنگ کے مختلف واقعات میں ایک مبینہ ڈاکو ہلاک ہوگیا، عوام اور پولیس کی فائرنگ سے 2 ڈکیت زخمی ہوگئے، نیو کراچی میں فائرنگ کے نتیجے میں کمسن بچہ زخمی ہوگیا، سرجانی میں ڈاکوؤں نے 2 شہریوں کو گولی مار دی۔

تفصیلات کے مطابق درخشاں کے علاقے میں نجی بینک کے لاکر سے 10 کروڑ روپے مالیت کا سامان چوری کرنے کا انکشاف ہوا ہے، متاثرہ شہری نے واردات کا مقدمہ درج کرا دیا۔

شہری کے مطابق لاکر میں ڈائمنڈ، گولڈ جیولری، برانڈڈ گھڑیاں اور دیگر اشیا رکھی تھیں، 6 فروری کو لاکر میں سارا سامان تھا، 19 فروری کو بینک گئے تو لاکر خالی تھا۔

متاثرہ شہری نے پولیس کو بتایا کہ جولائی 2010 سے لاکر آپریٹ کررہا ہوں، مختلف وقتوں میں سامان رکھتا گیا، ایف آئی اے اور اسٹیٹ بینک کو بھی درخواست ارسال کردی۔

پولیس نے بتایا کہ واقعہ کی تحقیقات جاری ہے جبکہ مدعی سے بھی تفصیلات لے لی گئیں، تحقیقات کے دوران ضرورت محسوس ہوئی تو مزید دفعات بھی عائد کی جائیں گی۔

پولیس نے واقعہ سے متعلق بینک کے عملے کو بھی تفتیش کے لیے طلب کرلیا، جبکہ سی سی ٹی وی فوٹیجز اور دیگر ریکارڈ بھی حاصل کرلیا ہے۔

سرجانی فور کے چورنگی کے قریب ڈکیتوں کی فائرنگ، 2 افراد زخمی

سرجانی فور کے چورنگی کے قریب فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے، ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر ڈاکوؤں نے فائرنگ کردی، ملزمان کی فائرنگ سے 2 افراد نعمان اور ارشد زخمی ہوگئے۔

شہریوں نے ڈاکو کی درگت بنا کر پولیس کے حوالے کردیا، پولیس کے مطابق ملزمان سےاسلحہ بھی برآمد ہوا، ڈکیتوں کا ایک ساتھی فرار ہوگیا، ڈکیتوں کی رکشہ ڈرائیور نے اطلاع دی، زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا۔

نیو کراچی میں بھتہ خوروں کی فائرنگ سے3 سالہ بچہ زخمی

نیو کراچی سیکٹر 11 ڈی میں بھتہ خوروں کی فائرنگ سے گولی لگنے سے 3 سالہ تیمور زخمی ہوگیا، فائرنگ پھل کی دکان پر ہوئی، جہاں ملزمان بھتے کی پرچی دے کر فرار ہوگئے، فائرنگ کے واقعہ کی مختلف پہلوؤں سے تفتیش جاری ہے۔

اورنگی ٹاؤن میں مبینہ پولیس مقابلہ، ملزم زخمی حالت میں گرفتار

اورنگی ٹاؤن ایم پی آر کالونی میں مبینہ پولیس مقابلہ کے دوران دوطرفہ فائرنگ میں ایک ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا جبکہ اس کا ساتھی فرار ہوگیا۔

ایس ایس پی ویسٹ کے مطابق زخمی گرفتار ملزم کی شناخت شاہ نواز کے نام سے ہوئی ہے، ملزم سے اسلحہ بھی برآمد ہوا، فرار ہونے والے ملزم کی تلاش جاری ہے۔

بھینس کالونی کے قریب لکڑی کے گودام میں آتشزدگی

بھینس کالونی کے قریب لکڑی کے گودام میں آگ لگنے پر فائر بریگیڈ نے واٹر کارپوریشن سے مدد طلب کرلی۔

ترجمان کے مطابق ایم ڈی واٹر کارپوریشن نے شیر پاؤ ہائیڈرنٹ پر ایمرجنسی نافذ کردی، واٹر کارپوریشن نے جائے وقوعہ کی جانب واٹر ٹینکرز روانہ کر دیئے۔

انچارج ہائیڈرنٹس سیل فائر بریگیڈ اور ریسکیو سے رابطے میں ہیں، فوکل پرسن ایم ڈی برائے ہائیڈرنٹس سیل آپریشن کی خود نگرانی کر رہے ہیں۔

فائر بریگیڈ کو آتشزدگی بجھانے کے لیے بلا تعطل پانی کی فراہمی جاری ہے، واٹر کارپوریشن فائر بریگیڈ کے ساتھ آگ بجھانے میں مدد کر رہا ہے، آتشزدگی پر قابو پانے تک واٹر ٹینکرز فراہم کیے جائیں گے۔

ڈاکوؤں کی فائرنگ سے جاں بحق عمران کی نماز جنازہ ادا

ڈاکوؤں کی فائرنگ سے جاں بحق عمران کی نماز جنازہ گولیمار میں ادا کردی گئی، نماز جنازہ میں عزیز و اقارب اہل علاقہ اور قریبی دوستوں کی بڑی تعداد شریک تھی۔

اہل خانہ کے مطابق مقتول عمران شادی شدہ اور 8 سالہ بچے کا والد تھا، متوفی گزشتہ 18 سال سے گارمنٹس فیکٹری میں ملازمت کررہا تھا۔

firing

karachi

جرائم

Karachi Police