وزیراعلیٰ پنجاب کا عید کے بعد لاہور میں صنعتی نمائش کے انعقاد کا اعلان
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے عید کے بعد لاہور میں صنعتی نمائش کے انعقاد کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ 35 سال بعد 16 روزہ ہارس اینڈ کیٹل شو سے بچوں اور بڑوں کے چہروں پر خوشیاں آئیں۔
ہارس اینڈ کیٹل شو کی آرگنائزنگ ٹیم کے لیے اپنے پیغام میں وزیراعلی پنجاب مریم نواز کا کہنا تھا کہ پانچ ماہ میں آپ نے مسلسل محنت سے کام کیا، ہارس اینڈ کیٹل شو کی کامیابی آپ اور آپ کی ٹیم کی محنت، لگن اور تخلیقی صلاحیتوں کا ثبوت ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے پی ایچ اے کے ڈائریکٹر جنرل طاہر وٹوافسران اور عملے کو شاباش دی اور کہا کہ آپ کی محنت بچوں اور بڑوں کے چہروں پر خوشیاں لائی، عوام کی تفریح کے لیے آئندہ بھی انٹرٹینمنٹ ایونٹس اور تفریحی پروگرام کراتے رہیں گے اور ہارس اینڈ کیٹل شو کی شاندار روایت جاری رکھیں گے۔
مریم نواز نے مزید کہا کہ 9 سے 24 فروری تک ہارس اینڈ کیٹل شو سے پنجاب کے رنگ اُجاگر ہوئے، 20 بڑے ایونٹس میں بچوں اور ہزاروں فیملیز شریک ہوئیں اور 13 انٹرنیشنل ٹیموں کی آمد سے پاکستان اور پنجاب کا عالمی امیج روشن ہوا، سالوں بعد شہریوں نے لاہور میں پولو، نیزہ بازی، بُزکشی، تیر اندازی اور گھڑ سواروں کے سنسنی خیز مقابلے دیکھے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایونٹ کے دوران چلڈرن فیسٹیول، ڈاگ شو، پھولوں، نادر اور نایاب گاڑیوں کی نمائش بھی کی گئی، جبکہ رستم پنجاب دنگل کے سنسنی خیز مقابلوں نے ہارس اینڈ کیٹل شو کا لطف دوبالا کیا، عید کے بعد لاہور ایکسپو سنیٹر میں صنعتی نمائش کا انعقاد بھی ہو گا۔۔
مریم نواز نے جلد بون میرو ٹرانسپلانٹ کارڈ کا اجرا کرنے کا اعلان کردیا
دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی کاوش معصوم چہروں پر مسکراہٹ لے آئی، انہوں نے جلد بون میرو ٹرانسپلانٹ کارڈ کا اجرا کرنے کا اعلان کردیا۔
چلڈرن اسپتال پاکستان بھر میں بون میروٹرانسپلانٹ آپریشن کرنے والا پہلا سرکاری ادارہ بن گیا جہاں 150 بچوں کے بون میرو ٹرانسپلانٹ کے آپریشنز کیے گئے۔ آپریشن پر آنے والے 42 لاکھ سے زائد اخراجات حکومت پنجاب نے ادا کیے جبکہ سندھ اور بلوچستان کے علاوہ افغانستان سے آنے والے مریض بچوں کی لاہور میں فری بون میروٹرانسپلانٹیشن کی گئی۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز جلد بون میرو ٹرانسپلانٹ کارڈ کا اجرا بھی کریں گی۔
اس حوالے سے وزیر اعلیٰ مریم نواز کا کہنا تھا کہ ہر بچہ میرے لیے اپنے بچوں سے بھی بڑھ کر ہے اور مفت علاج ہر مریض بچے کا حق ہے، ریاست اپنا فرض ضروری نبھائے گی، ٹرانسپلانٹیشن کارڈ کے بعد مریض بچوں کے والدین اخراجات سے بے نیاز ہوجائیں گے، بچوں کی صحت پر کوئی سمجھوتہ نہیں،تمام وسائل مہیا کریں گے۔
Aaj English















اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔