Aaj News

کراچی کے مختلف علاقوں میں ہلکی بارش کا سلسلہ جاری

بلوچستان میں بارش کے بعد بادلوں کا سسٹم کراچی میں داخل ہوگیا
اپ ڈیٹ 17 فروری 2025 11:21pm

**بلوچستان میں بارش کے بعد بادلوں کا سسٹم کراچی میں داخل ہوگیا، مغربی ہواؤں نے ڈیرا جمالیا۔ مختلف علاقوں میں ہلکی بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ **

محکمہ موسمیات کے مطابق شہرقائد میں بلوچستان سے داخل ہونے والے بارش کی سسٹم کی وجہ سے شہر کے مختلف مقامات پر ہلکی بارش جاری ہے۔

گرومندر، پی سی ایچ ایس، صدر، طارق روڈ، سرجانی ٹاؤن، نارتھ کراچی، نارتھ ناظم آباد میں بھی بونداباندی کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔

دوسری جانب ملک کے دیگر شہروں میں گرج چمک کے ساتھ بارش، طوفانی ہواؤں اور برفباری کا امکان ہے۔

این ڈی ایم اے کے نیشنل ایمرجنسز آپریشن سینٹر کی جانب سے 18 تا 22 فروری تک ممکنہ موسمی جائزہ رپورٹ جاری کر دی گئی۔

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی ایڈوائزی کے مطابق پنجاب کے پوٹھوہار ریجن، بشمول مری اور گلیات سمیت بالائی اور شمال مشرقی پنجاب اور اسلام آباد میں 19 سے 21 فروری کے دوران بارش اور برفباری متوقع ہے۔

شمالی اور شمال مغربی بلوچستان میں 18 تا 20 فروری کے دوران گرج چمک کے ساتھ بارش، سردہواؤں اور برفباری کا امکان ہے۔ جبکہ بالائی خیبر پختونخوا میں بھی 18 تا 20 فروری کے دوران گرج چمک کے ساتھ بارش اوربرفباری کا امکان ہے۔

اسی طرح گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر میں 19 اور 20 فروری کو مطلع ابر آلود رہنے کے ساتھ بارش، تیز ہوا ؤں اور برفباری کا امکان ہے جبکہ سندھ میں موسم زیادہ تر سرد اور خشک رہے گا۔

ملک کے بیشتر حصوں میں 21 سے 22 فروری کے دوران موسم سرد اور شک رہنے کا امکان ہے۔ این ڈی ایم اے نے متعلقہ اداروں کو ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ موسم کے ممکنہ صورتحال کے مطابق اقدامات یقینی بنائیں۔

karachi

rainy weather