Aaj News

جسٹس سرفراز ڈوگر کی سنیارٹی پر چیف جسٹس پاکستان اور اٹارنی جنرل کے مؤقف میں تضاد سامنے آگیا

اٹارنی جنرل نے کہا کہ وہ چیف جسٹس پاکستان کے تحفظات سے متفق نہیں ہیں
شائع 13 فروری 2025 01:08pm
Attorney General Disagrees with Chief Justice’s Stance on Justice Sarfaraz’s Seniority - Aaj News

اسلام آباد ہائیکورٹ کے قائم مقام چیف جسٹس سردار سرفراز ڈوگر کی سنیارٹی کے معاملے پر چیف جسٹس پاکستان یحییٰ آفریدی اور اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان کے مؤقف میں فرق سامنے آیا ہے۔

جوڈیشل کمیشن میں اٹارنی جنرل کا تحریری مؤقف واضح ہو گیا ہے۔ چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے صحافیوں سے ملاقات میں کہا تھا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے پانچ ججز کی سنیارٹی لسٹ میں جسٹس سرفراز ڈوگر کا نام شامل نہیں ہونا چاہیے تھا، اور اٹارنی جنرل نے ان کے مؤقف کی تائید کی تھی۔ تاہم، اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان نے جوڈیشل کمیشن میں تحریری طور پر اس سے مختلف مؤقف اپنایا، جس کے منٹس بھی جاری کیے جائیں گے۔

اٹارنی جنرل نے کہا کہ وہ چیف جسٹس پاکستان کے تحفظات سے متفق نہیں ہیں۔ ان کے مطابق، ہائی کورٹ سے جج کا تبادلہ عارضی نہیں ہوتا بلکہ یہ عوامی مفاد میں کیا جاتا ہے، جس کے لیے صدر مملکت اور متعلقہ چیف جسٹس سے مشاورت کی جاتی ہے۔ جسٹس سرفراز ڈوگر کو بھی مفاد عامہ کے تحت تبادلے پر رضامندی ظاہر کرنے کے لیے کہا گیا تھا اور ان کی سنیارٹی سب سے نیچے نہیں کی جا سکتی۔

جسٹس سرفراز ڈوگر نے قائم مقام چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ کا عہدہ سنبھال لیا، کیسز کی سماعت شروع

اٹارنی جنرل کا مزید کہنا تھا کہ اعلیٰ عدلیہ کے ججز پر سول سرونٹس کے قوانین کا اطلاق نہیں ہوتا، اور آئین میں ججز کی سروس کے الگ شرائط و ضوابط طے کیے گئے ہیں۔ کسی جج کی سنیارٹی کا معاملہ جوڈیشل کمیشن میں نہیں بلکہ آئین کے آرٹیکل 184(3) کے تحت عدالتی سائیڈ پر طے ہو سکتا ہے۔

انہوں نے مزید وضاحت کی کہ جب ایک جج ایک ہائیکورٹ سے دوسری ہائیکورٹ میں ٹرانسفر ہوتا ہے تو اسے نئے حلف کی ضرورت نہیں ہوتی، کیونکہ آئین میں ایسا کوئی تقاضا موجود نہیں۔

اٹارنی جنرل نے ماضی میں لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس فرخ عرفان، مظاہر نقوی، اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس ریاض احمد خان اور انور کانسی کے سنیارٹی کیسز کی مثالیں دیتے ہوئے کہا کہ ان معاملات کو بھی سپریم کورٹ میں ہی طے کیا گیا تھا۔

Justice Sarfaraz Dogar

Attorney General Mansoor Usman Awan