Aaj News

سلمان خان بڑی تقریبات میں شرکت کرنے سے کیوں کتراتے ہیں؟

نامور شخصیات کومختلف ایونٹس میں شرکت کرنی پڑتی ہے
شائع 15 جنوری 2025 01:03pm

فرد خواہ کتنا ہی مشہور کیوں نہ ہوجائے نامور شخصیت ہونے کے ناطے اسے مختلف ایونٹس میں شرکت کرنی پڑتی ہے ، یا کبھی کسی فلم کو پروموٹ کرنے کے لئے انہیں مختلف جگہوں کا دورہ بھی کرنا پڑتا ہے جہاں کیمرہ مین، صحافیوں سمیت عام عوام بھی بھرپور تعداد میں شریک ہوتی ہے۔

لیکن اپنے فیورٹ اداکار کو دیکھنے کے شوق میں آئے ہوئے اس پر ہجوم تقریبات میں کبھی کبھارایسی بھگڈر مچتی ہے جو انسانی جانوں کے ضیاع کا سبب بن جاتی ہے جس کی تازہ مثال پشپا اسٹار اللو ارجن ہیں۔

وہ بالی ووڈ ستارے جو پڑھائی چھوڑ کر آج کروڑوں کے مالک ہیں

بالیووڈ دبنگ بھائی جان سلمان خان جنکے پرستار ہزاروں نہیں لاکھوں کی تعداد میں پوری دنیا میں پھیلے ہوئے ہیں اوراپنے پسندیدہ سپر اسٹار کی لائیو ایک جھلک دیکھنے کے لیے کسی بھی حد تک جا سکتے ہیں، ان کی حفاظت کے پیش نظر ایک انٹرویو میں اداکار کا کہنا تھا کہ وہ مداحوں کی حفاظت کیلئے بڑی تقریبات میں فلموں کی تشہیر سے گریز کرتے ہیں تاکہ کسی بھی ناگہانی صورتحال سے بچا جا سکے۔

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق سال 2014 میں اپنی فلم ’کک‘ کی تشہیر کے دوران سلمان خان نے بھارتی صحافی امتیاز عظیم کو ایک انٹرویو میں بتایا کہ وہ بڑی تقریبات میں فلم کی تشہیر کیوں نہیں کرتے۔

بالی ووڈ اور ہالی ووڈ کا معروف اداکار دین اسلام کی دعوت سے منسلک کیسے ہوا؟

سلمان خان کے مطابق اگر وہ شاپنگ مالز میں جاتے ہیں تو خریداری یا تفریح کے لیے آنے والے لوگ وہاں کے ہجوم کی وجہ سے اپنی سرگرمیاں مکمل نہیں کر پاتے۔ ایسے عوامی مقامات پر کئی خواتین بھی ہوتی ہیں جنہیں ہنگامے کی صورت میں ہراساں کیے جانے کا خطرہ ہوتا ہے۔

خان کا یہ بھی کہنا ہے کہ جب کبھی وہ کسی تقریب میں شرکت کے لیے اس مقام پر پہنچتے ہیں تو لوگ ایئرپورٹ سے تقریب کے مقام تک اور پھر واپس ایئرپورٹ تک ان کی گاڑیوں کا پیچھا کرتے ہیں۔ اس دوران کچھ افراد خطرناک حدتک تیز ڈرائیونگ کرتے ہیں جو ذرا سی لاپرواہی سے کسی کی جان بھی لے سکتی ہے۔

اسی انٹرویو میں سلمان خان نے اپنی جان پر کھیل جانے والے مداحوں سے درخواست کرتے ہوئے کہا کہ،’ایسا مت کرو کیونکہ یہ ہمارا سٹی وِزٹ اور پروموشن ہے۔ خواہ مخواہ کسی بچے کی جان چلی جائے۔ یہ ٹھیک نہیں ہے۔

پیشہ ورانہ محاذ پربات کی جائے تو سلمان خان اپنی اگلی فلم ”سکندر“ میں راشمیکا مندانا کے ساتھ نظر آئیں گے۔ اے آر موروگادوس کی ہدایت کاری اور ساجد نڈیاڈ والا کی پروڈیوس کردہ یہ فلم عید 2025 پر سنیما گھروں کی زینت بننے کے لیے تیار ہے۔

Salman Khan

Bollywood

entertainment

lifestyle

شخصیات