اپ ڈیٹ 24 فروری 2026 06:30pm

ٹی 20 ورلڈکپ: پاکستان کا انگلینڈ کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سپر ایٹ مرحلے کے انتہائی اہم میچ میں پاکستان نے انگلینڈ کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پاکستان کو سیمی فائنل میں پہنچنے کے لیے ’اگر مگر‘ کی صورتِ حال سے بچنے کے لیے اس میچ میں لازمی فتح درکار ہے۔ انگش ٹیم اسی گراؤنڈ پر مسلسل چار میچ جیت چکی ہے، جب کہ پاکستان اس ایونٹ میں آج کولمبو سے باہر پہلا میچ کھیلے گا۔

سری لنکا کے پالے کیلے اسٹیڈیم میں پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان سپر ایٹ مرحلے کا اہم میچ جاری ہے۔

پاکستان نے انگلینڈ کے پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کرتے ہوئے اسکواڈ میں ایک تبدیلی کی ہے، فہیم اشرف کی جگہ شاہین آفریدی کو پلیئنگ الیون میں شامل کیا گیا ہے۔

کپتان سلمان علی آغا نے ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پچ بالکل فریش لگ رہی ہے۔ وہ اچھا اسکور بنانے کی کوشش کریں گے تاکہ اس کا کامیابی سے دفاع کیا جاسکے۔

انگلش ٹیم کی جانب سے آج ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔ انگلینڈ کے کپتان بروک نے کہا کہ ٹاس جیتنے کی صورت میں وہ بھی پہلے بیٹنگ ہی کرتے۔

انہوں نے کہا کہ آج پچ سری لنکا کے خلاف میچ کے مقابلے میں بہتر لگ رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم ابھی تک اپنا بہترین میچ نہیں کھیل سکے۔ امید ہے کہ وہ لمحہ قریب ہے۔

پالی کیلے اسٹیڈیم پر انگلینڈ کو ہوم گراؤنڈ جیسا تصور کیا جارہا ہے کیوں کہ انگلش ٹیم گزشتہ ایک ماہ میں اس گراؤنڈ پر چاروں میچ میں کامیابی کے علاوہ سری لنکا کے خلاف سیریز بھی اپنے نام کر چکی ہے۔ دوسری جانب پاکستانی ٹیم ایونٹ میں پہلی بار کولمبو سے باہر میچ کھیل رہی ہے۔

انگلش پلیئنگ الیون میں فِل سالٹ، جوز بٹلر، جیکب بیتھل، ٹام بینٹن، ہیری بروک (کپتان)، سیم کرن، وِل جیکس، لائم ڈاسن، جیمی اوورٹن، جوفرا آرچر اور عادل رشید شامل ہیں۔

انگلینڈ کی بولنگ لائن اَپ میں عادل رشید، لائم ڈاسن، وِل جیکس اور جیکب بیتھل کی صورت میں چار اسپن آپشنز موجود ہیں۔

گزشتہ میچ میں سری لنکن بولنگ نے انگلش بیٹرز کو خاصا پریشان کیا تھا۔ انگلینڈ نے سری لنکا کو 51 رنز سے شکست دی تاہم یہ کامیابی بڑی حد تک سری لنکن بیٹنگ لائن کی ناقص کارکردگی کا نتیجہ تھی۔

انگلینڈ نے 9 وکٹوں پر 146 رنز بنائے تھے، جس میں فل سالٹ کی نصف سنچری کے سوا کوئی نمایاں اننگز شامل نہیں تھی۔

انگلینڈ کے لائم ڈاسن کا کہنا ہے کہ سری لنکا کے خلاف سیریز میں اسپن کے خلاف کھیلنے کا تجربہ ان کے کام آئے گا اور ٹیم بیٹنگ کے شعبے میں مزید بہتر کارکردگی دکھا سکتی ہے۔

پاکستان کے اوپننگ بیٹر صاحبزادہ فرحان نے کہا ہے کہ انگلینڈ کو سری لنکا کے خلاف اسپنرز کو کھیلنے میں مشکلات کا سامنا رہا تھا۔ پاکستان کے پاس نواز، صائم، ابرار، عثمان اور شاداب جیسے باصلاحیت اسپنرز موجود ہیں جو انگلینڈ کو ٹف ٹائم دے سکتے ہیں۔

نیوزی لینڈ کے خلاف میچ میں بارش کے باعث پاکستان کو میدان میں اترنے کا موقع نہیں ملا، تاہم انگلینڈ کے خلاف پلیئنگ الیون میں ایک تبدیلی کی گئی ہے۔

انگلش ٹیم کے خلاف آج پلیئنگ الیون صاحبزادہ فرحان، صائم ایوب، سلمان علی آغا (کپتان)، بابر اعظم، فخر زمان، شاداب خان، عثمان خان، محمد نواز، شاہین آفریدی، سلمان مرزا اور عثمان طارق پر مشتمل ہے۔

واضح رہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان کے خلاف انگلینڈ کا پلڑا بھاری ہے، انگلش ٹیم نے گرین شرٹس کو تینوں میچ میں شکست دی ہے۔

پاکستان نے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں انگلش ٹیم کو آخری دفعہ چار سال قبل شکست دی تھی۔

دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلے گئے گزشتہ پانچ ٹی 20 انٹرنیشنل میں بھی انگلینڈ نے فتح سمیٹی تھی۔

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان سپر ایٹ کا پہلا میچ بارش کی نذر ہوگیا تھا، جس کے بعد پاکستان کی سیمی فائنل تک رسائی کی امیدیں اس میچ سے مشروط ہوگئی ہیں۔

سپر ایٹ مرحلے یہ دونوں ٹیموں کا دوسرا میچ ہے اور آج کا میچ دونوں ٹیموں کے لیے نہایت اہم ہے، جہاں انگلینڈ اپنی جیت کی روایت برقرار رکھنے جب کہ پاکستان سیمی فائنل کی دوڑ میں رہنے کے لیے میدان میں اترے گا۔

Read Comments