شائع 23 جنوری 2026 01:42pm

وادی تیراہ میں لینڈ سلائیڈنگ، درجنوں گاڑیاں پھنس گئیں، ریسکیو آپریشن جاری

وادی تیراہ کے مختلف علاقوں میں بارش  اور برفباری اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث  100 کے قریب گاڑیاں روڈ پر پھنس گئیں۔ حیات آباد میڈیکل کمپلیکس میں خصوصی ایمرجنسی وارڈ قائم کر دیا گیا ہے۔

محکمہ صحت خیبرپختونخوا نے مراسلہ جاری کرتے ہوئے انتظامیہ کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت دی ہے اور ڈاکٹرز و پیرامیڈیکل اسٹاف کی چوبیس گھنٹے دستیابی کو یقینی بنانے کا حکم دیا ہے۔ زخمیوں کو فوری اور مؤثر طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے ایمرجنسی، سرجری، آرتھوپیڈکس اور بلڈ بینک کو مکمل طور پر فعال رکھنے کی ہدایت بھی دی گئی ہے، جبکہ ادویات، طبی سامان اور سرجیکل آلات کی وافر دستیابی کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔

پاک فوج اور مقامی انتظامیہ نے تیراہ سے عارضی انخلاء کرنے والے شہریوں کے لیے امدادی سرگرمیاں جاری رکھیں۔ بیس پھنسے ہوئے شہریوں کو ریسکیو کر کے محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا۔

متاثرہ افراد کو خوراک، گرم رہائش اور دیگر بنیادی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں جبکہ ٹرانسپورٹ اور نقل مکانی کا عمل بغیر کسی رکاوٹ کے منظم کیا جا رہا ہے۔

سیکرٹری ریلیف خیبرپختونخوا سہیل خان کے مطابق تیراہ میں پھنسے افراد کو ریسکیو کرنے کا عمل جاری ہے، تقریباً 100 گاڑیاں روڈ پر پھنس چکی ہیں اور 35 افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔ پشاور، نوشہرہ، صوابی اور مردان کی ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئی ہیں، جن کے ساتھ 50 سے زائد اہلکار، 16 ایمبولینس اور بھاری مشینری موجود ہے۔ کمبل، سوئٹرز، بستر اور دیگر ضروری سامان پر مشتمل 10 ٹرک بھی روانہ کیے گئے ہیں۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق شدید برفباری کے باعث تیراہ روڈ بند ہونے سے گاڑیاں پھنس گئی ہیں اور ضلعی انتظامیہ ریسکیو آپریشنز کر رہی ہے۔ متاثرہ افراد کو خوراک فراہم کی جا رہی ہے اور محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا رہا ہے۔ ریسکیو 1122 نے پشاور سے 15 اہلکار، ریکوری گاڑیاں، ایمبولینس، طبی سامان اور ریسکیو آلات موقع پر بھیجے ہیں۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے نے تمام ضلعی انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایت دی ہے اور صوبے بھر کی صورتحال کی نگرانی کی جا رہی ہے۔ ترجمان ریسکیو 1122 کے مطابق وادی تیراہ کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری کے باعث متعدد گاڑیاں پھنس گئی ہیں، سڑکوں پر پھسلن اور برف جمع ہونے کی وجہ سے آمدورفت متاثر ہے اور پھنسے ہوئے افراد اور گاڑیوں کو نکالنے کا ریسکیو آپریشن جاری ہے۔

Read Comments