اپ ڈیٹ 20 جنوری 2026 07:18pm

گُل پلازہ کی تازہ ترین صورتِ حال

کراچی کے مشہور شاپنگ سینٹر گُل پلازہ میں لگنے والی آگ کے بعد چوتھے روز بھی ریسکیو آپریشن جاری ہے۔ پہلی منزل کلیئر کرنے کے بعد امدادی ٹیموں نے دوسری اور تیسری منزل پر سرچنگ کا عمل شروع کر دیا ہے۔ منگل کے روز سانحے کے حوالے سے تازہ ترین صورتحال یہ ہے:

  • گل پلازہ شاپنگ سینٹر میں آتشزدگی، آگ پر تاحال مکمل قابو نہیں پایا جاسکا ہے
  • گل پلازہ میں چوتھے روز بھی ریسکیو آپریشن اور لاپتہ افراد کی تلاش جاری ہے
  • سانحے میں جاں بحق افراد کی مجموعی تعداد 27 ہوگئی، 85 اب بھی لاپتہ ہیں
  • ریسکیو حکام نے آج متاثرہ عمارت سے ایک بچے کی لاش بھی نکالی ہے
  • عمارت کی بیسمِنٹ اور پہلی منزل کلیئر قرار، دوسری اور تیسری منزل پر سرچنگ جاری ہے
  • آپریشن کے دوران آج مزید 2 فائر فائٹرز زخمی ہوگئے، ایک کی حالت ناساز ہے
  • حکام نے گل پلازہ سے ملحقہ رمپا پلازہ کی عمارت گرنے کا بھی خدشہ ظاہر کیا ہے
  • 27 لاشوں میں سے 8 کی شناخت مکمل ہوچکی ہے: پولیس سرجن ڈاکٹر سمعیہ سید
  • دو لاشوں کی تصدیق قومی شناختی کارڈ اور ڈرائیونگ لائسنس کے ذریعے کی گئی ہے
  • لاشوں کی شناخت کے لیے لواحقین کے 51 سیمپلز حاصل کیے گئے ہیں: پولیس سرجن
  • تمام سیملز سندھ فرانزک ڈی این اے لیب اور جامعہ کراچی بھیجے ہیں: پولیس سرجن
  • عمارت سے ملنے والے انسانی اعضا کی شناخت کا عمل بھی جاری ہے: پولیس سرجن
  • 33 سالہ مصباح کی شناخت لاکٹ کی مدد سے ہوئی، میت جلد ورثاء کےسپرد کر دی جائے گی: پولیس سرجن
  • مصباح کی فیملی کے دیگر چار افراد بھی لاپتہ ہیں
  • مطلوبہ وسائل نہ ہونے کی وجہ سے امدادی کام سست روی کا شکار ہے: ذرائع
  • وزیراعلیٰ سندھ کی ہدایت پر قائم تحقیقاتی کمیٹی کا آج سے ڈیٹا جمع اور بیانات قلم بند کرنے کا فیصلہ
  • کمشنر کراچی کی زیرِ صدارت اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی اور چیف فائر آفیسر کی شرکت
  • کمشنر کراچی حسن نقوی کی سربراہی میں تحقیقاتی کمیٹی رپورٹ وزیراعلیٰ سندھ کو پیش کرے گی
  • متاثرہ دکانداروں کی صدر پارکنگ پلازہ منتقلی کے لیے میئر کراچی سے بات کروں گا: گورنر سندھ
  • گل پلازہ کے 10 سال کے ٹیکس کے ری فنڈ کیلئے بھی وفاق کو خط لکھوں گا: کامران ٹیسوری

گل پلازہ میں ہفتے کی رات لگنے والی آگ پر ریسکیو اداروں نے پیر کے روز مکمل طور پر قابو پایا، جس کے بعد سرچنگ کا عمل تاحال جاری ہے۔

پیر کی رات میئر کراچی مرتضٰی وہاب نے متاثرہ عمارت کا دورہ کیا اور بتایا کہ آگ پر قابو پالیا گیا ہے اور کولنگ بھی مکمل ہوچکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کے تمام محکمے الرٹ رہیں۔ تمام لاپتا افراد کے ملنے تک ریسکیو آپریشن مکمل نہیں ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ رات بیسمنٹ میں دوبارہ آگ بھڑکی تھی تاہم اس پر قابو پالیا گیا ہے۔

مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ عمارت میں جو سامان موجود ہے اسے باہر نکالا جائے گا۔ تمام چیزوں کافائنل کرکے رپورٹ وزیراعلیٰ کو پیش کی جائے گی۔

کراچی کے مصروف ترین تجارتی علاقے صدر میں واقع گُل پلازہ کے گراؤنڈ فلور پر ہفتے کی رات تقریباً 10 بجے آگ لگ تھی، جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پوری عمارت کو لپیٹ میں لے لیا تھا۔

آگ کی شدت میں مسلسل اضافے کے باعث عمارت دھوئیں سے بھر گئی تھی جس کی وجہ سے کئی افراد عمارت میں ہی محصور ہوکر رہ گئے تھے جن کی حتمی تعداد تاحال نامعلوم ہے۔

ضلعی انتظامیہ کو موصول ہونے والی تفصیلات کے مطابق اب تک 85 افراد کے لاپتہ ہونے کی تصدیق ہو چکی ہے جبکہ عمارت سے 27 لاشیں بھی نکالی جاچکی ہیں۔

سرکاری حکام کے مطابق گل پلازہ میں 12 سو کے قریب دکانیں قائم تھیں اور آتشزدگی کے باعث عمارت کا تقریباً 40 فیصد حصہ منہدم ہو چکا ہے جبکہ باقی حصے کو بھی مخدوش قرار دیا گیا ہے۔

پولیس سرجن ڈاکٹر سمعیہ سید کے مطابق لاپتہ افراد کی تلاش اور لاشوں کی شناخت کے لیےفرانزک کا عمل شروع کردیا گیا ہے۔ لواحقین کی جانب سے 50 ڈی این اے سیمپلز جمع کرائے جاچکے ہیں جبکہ 8 لاشوں کی شناخت ہوچکی ہے۔

سندھ حکومت نے سانحے میں جاں بحق افراد کے ورثاء کے لیے فی خاندان ایک کروڑ روپے امداد کا اعلان کیا ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے متاثرہ دکانداروں کو متبادل جگہ فراہم کرنے کی یقین دہائی کرائی ہے اور واقعے کی تحقیقات کے لیے کمشنر کراچی کی سربراہی میں ایک کمیٹی بھی قائم کر دی ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ کی ہدایت پر قائم تحقیقاتی کمیٹی کا پہلا اجلاس منگل کے روز منعقد ہوا جس میں کمشنر کراچی حسن نقوی اور ایڈیشنل آئی جی آزاد خان شریک ہوئے۔

کمیٹی نے آج سے ہی پہلے مرحلے میں واقعے سے متعلق ڈیٹا جمع کرنے اور بیانات قلم بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

Read Comments