اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات پھر ملتوی، وفاقی کابینہ نے منظوری دے دی
وفاقی کابینہ نے وفاقی دارالحکومت میں شیڈول بلدیاتی انتخابات پھر ملتوی کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ یہ فیصلہ وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ہونے والے مختصر اجلاس میں کیا گیا، جس میں کابینہ کمیٹی برائے قانون سازی کے 3 دسمبر اور 30 دسمبر کے اجلاسوں کے فیصلوں کی توثیق بھی کی گئی۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں چیف کمشنر اسلام آباد نے بلدیاتی انتخابات سے متعلق وفاقی کابینہ کو بریفنگ دی، جس کے بعد کابینہ نے انتخابات کی تاخیر اور نئے اقدامات کی منظوری دی۔
اجلاس میں وفاقی دارالحکومت میں پنجاب طرز کے بلدیاتی انتخابات کے لیے نئی قانون سازی پر بھی غور کیا گیا اور اس کی منظوری دی گئی۔
واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کے لیے 15 فروری کی تاریخ مقرر کی تھی اور نتائج 16 سے 19 فروری کے درمیان مرتب کیے جانے تھے۔ تاہم نئی قانون سازی اور مجوزہ ترامیم کی وجہ سے انتخابات ملتوی کیے گئے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد بلدیاتی نظام کو مزید مؤثر اور شفاف بنانا ہے، تاکہ شہریوں کی نمائندگی بہتر ہو اور انتخابات کے عمل کو قانونی بنیادوں پر مکمل کیا جا سکے۔
اجلاس کے دوران حکومتی ترجمانوں نے بتایا کہ اجلاس میں ملکی مفاد اور عوامی فلاح کے لیے فوری اقدامات پر بھی بات ہوئی۔
اجلاس کے اختتام پر وزیراعظم نے کابینہ اراکین کو ہدایت دی کہ وہ ملکی ترقی اور عوامی مسائل کے حل کے لیے مربوط اقدامات یقینی بنائیں۔