بنگلادیش کی سابق وزیراعظم خالدہ ضیا کی تدفین آج ہوگی
بنگلادیش کی سابق وزیراعظم خالدہ ضیا کی تدفین آج ہوگی، خالدہ ضیا کا گزشتہ روز انتقال ہوگیا تھا، وہ جگر کے عارضے میں مبتلا تھیں اور کئی روز سے وینٹی لیٹر پرتھیں، انہیں گزشتہ ماہ تئیس نومبر کو اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔
1945 میں جنم لینے والی خالدہ ضیا کی شادی جنرل ضیاالرحمان سے 1960 میں ہوئی۔ جنرل ضیاالرحمان نے1970 میں بنگلادیش نیشنل پارٹی کی بنیاد رکھی۔
خالدہ ضیا نے شروع میں ایک گھریلو زندگی گزاری، امورِ خانہ داری اور بچوں کی پرورش میں مصروف رہیں۔ 1981 کی بغاوت میں ان کے شوہر کو قتل کردیا گیا جس کے بعد وہ سیاست میں آگئیں۔
1991 کے عام انتخابات میں انہوں نے جماعتِ اسلامی سے اتحاد کیا اور وہ بنگلادیش کی تاریخ کی پہلی خاتون وزیراعظم منتخب ہوئیں۔ وہ تین بارملک کی وزیراعظم بنیں۔
سیاسی کیرئیر میں انہوں نے کئی بار قید و بند کی صعوبتیں جھیلیں مگر سیاست میں ان کا کردار مرتے دم تک اہم رہا۔
بنگلا دیشی سیاسی رہنماؤں نے خالدہ ضیا کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔ ملک کے عبوری سربراہ محمد یونس نے کہا قوم ایک عظیم سرپرست سے محروم ہوگئی۔