بنگلادیش میں زلزلے کے شدید جھٹکے، شدت 5.7 ریکارڈ
بنگلا دیش میں نرسنگدی شہر کے قریب زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، جس کی شدت 5.7 ریکارڈ کی گئی۔ جرمن ریسرچ سینٹر برائے جیوسائنسز (جی ایف زیڈ) کے مطابق زلزلے کا مرکز زمین کی سطح سے تقریباً 10 کلومیٹر گہرائی میں تھا۔
رائٹرز کے مطابق زلزلے کے جھٹکے دارالحکومت ڈھاکہ سمیت ملک کے مشرقی حصوں میں بھی محسوس کیے گئے۔ امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق نرسنگدی، دارالحکومت ڈھاکہ سے تقریباً 40 کلومیٹر مشرق میں واقع ہے۔
پولیس کے مطابق اس زلزلے میں تین افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے۔ ہلاکتیں اس وقت ہوئیں جب ایک چھ منزلہ عمارت کی ریلنگ گر گئی۔ متعدد عمارتیں متاثر ہوئیں اور کچھ عارضی ڈھانچے بھی زمین بوس ہوئے۔
زلزلے کے جھٹکے دارالحکومت ڈھاکہ اور بھارت کے مشرقی سرحدی علاقوں میں بھی محسوس کیے گئے، لیکن اب تک وہاں کوئی بڑے نقصان یا جانی نقصان کی اطلاع نہیں۔
رہائشیوں نے بتایا کہ جھٹکوں کے باعث لوگ گھروں سے باہر نکل آئے اور لوگ بچوں اور بزرگوں کو اٹھا کر محفوظ مقامات کی طرف لے کانے لگے۔
ڈھاکہ کے رہائشی صدمان سکیب، جو ایک پرائیویٹ فرم میں کام کرتے ہیں، نے بتایا، ”میں نے اپنی زندگی میں اتنے شدید جھٹکے کبھی محسوس نہیں کیے۔ ہم دفتر میں تھے کہ اچانک فرنیچر ہلنے لگا۔ ہم فوراً نیچے اتریں اور سڑک پر دیکھا کہ دوسرے لوگ بھی باہر نکل آئے تھے۔“
ایک اور شہری، سومان رحمان نے رائٹرز کو بتایا، ”ہم نے شدید جھٹکا محسوس کیا اور عمارتیں درختوں کی طرح ہل رہی تھیں۔ سیڑھیاں لوگوں سے بھر گئی تھیں کیونکہ لوگ نیچے نکلنے کی کوشش کر رہے تھے۔ ہر کوئی خوفزدہ تھا اور بچوں کے رونے اور چیخ پکار کی آوازیں تھیں۔“
بنگلادیش کا بھارت سے شیخ حسینہ کی حوالگی کا مطالبہ
فائر ڈیپارٹمنٹ نے رپورٹ دی ہے کہ زخمیوں میں زیادہ تر وہ لوگ شامل ہیں جن کے اوپر تعمیراتی مواد، اینٹیں اور سیمنٹ کے بنے ہوئے ٹکڑے گرے جس کی وجہ سے چوٹیں آئیں۔
مقامی حکام نے کہا کہ وہ زلزلے کے اثرات اور ممکنہ خطرات کی نگرانی کر رہے ہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال کا فوری ردعمل دیا جا سکے۔