الیکشن کمیشن میں وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے خلاف کارروائی کی تجویز
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کے حویلیاں جلسے میں سرکاری ملازمین سے متعلق دھمکی آمیز بیان کا سخت نوٹس لے لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن کو موصول ہونے والی مانیٹرنگ رپورٹ میں وزیراعلیٰ کے بیان کو ضابطہ اخلاق کی ممکنہ خلاف ورزی قرار دیا گیا، جس کے بعد ان کے خلاف کارروائی کی تجویز سامنے آئی ہے۔
اس سلسلے میں الیکشن کمیشن نے آج صبح ساڑھے گیارہ بجے ایک اہم اجلاس طلب کیا۔ اجلاس میں قانونی پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا۔
اس دوران الیکشن کمیشن کے لیگل ونگ نے وزیراعلی خیبر پختوانخواہ سہیل آفریدی کیخلاف کارروائی کی تجویز دی۔
واقعہ اس وقت سامنے آیا جب سہیل آفریدی نے حویلیاں میں ایک جلسے سے خطاب کرتے ہوئے ضمنی الیکشن ڈیوٹی پر مامور سرکاری ملازمین اور پولیس کو مخاطب کرتے ہوئے سخت جملے کہے۔ انہوں نے انتظامیہ کو خبردار کیا کہ اگر الیکشن کے دن کسی قسم کی بدمزگی ہوئی تو وہ “رات تک عہدوں پر نہیں رہیں گے۔”
تقریر میں انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ 23 نومبر کو ہونے والے ضمنی انتخابات میں تحریک انصاف کے امیدوار عمر ایوب کی اہلیہ “دو لاکھ ووٹ لے کر کامیاب ہوں گی۔”