دنیا بھر کے 20 فیصد انٹرنیٹ کو متاثر کرنے والی ’کلاؤڈ فلیئر‘ کیا ہے؟
دنیا بھر میں انٹرنیٹ صارفین کو منگل کے روز مشہور انٹرنیٹ انفراسٹرکچر کمپنی ”کلاؤڈ فلیئر“ میں تکنیکی خرابی کے باعث بڑی پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ اس دوران چیٹ جی پی ٹی، آن لائن گیم ”لیگ آف لیجنڈز“، نیو جرسی ٹرانزٹ سروس اور دیگر متعدد ویب سائٹس اور پلیٹ فارمز متاثر ہوئے۔
سان فرانسسکو میں قائم کلاؤڈ فلیئر نے بتایا کہ ان کے انجینئرز نے زیادہ تر مسائل حل کر لیے ہیں اور وہ مزید ممکنہ مشکلات کی نگرانی کر رہے ہیں۔
متاثرہ دیگر سروسز میں سوشل میڈیا سائٹ ایکس، شاپی فائی، ڈراپ باکس، کینوا، کوائن بیس اور موڈیز کریڈٹ ریٹنگ سروس شامل ہیں۔ متاثرہ سائٹس پر ایرر کوڈ 500 ظاہر ہوا اور صارفین کو مزید معلومات کے لیے کلاؤڈ فلیئر کی ویب سائٹ دیکھنے کی ہدایت کی گئی۔
سائبر سیکیورٹی ماہر مائیک چیپل کے مطابق، کلاؤڈ فلیئر کمپنی انٹرنیٹ کو تیز اور محفوظ بنانے کے لیے کام کرتی ہے، لیکن جب اس میں خرابی آتی ہے تو انٹرنیٹ پر وسیع پیمانے پر خلل پیدا ہو جاتا ہے۔