دنیا بھر کے 20 فیصد انٹرنیٹ کو متاثر کرنے والی ’کلاؤڈ فلیئر‘ کیا ہے؟

کلاؤڈ فلیئر نے بتایا کہ ان کے انجینئرز نے زیادہ تر مسائل حل کر لیے ہیں اور مزید ممکنہ مشکلات کی نگرانی کر رہے ہیں۔
شائع 19 نومبر 2025 11:27am

دنیا بھر میں انٹرنیٹ صارفین کو منگل کے روز مشہور انٹرنیٹ انفراسٹرکچر کمپنی ”کلاؤڈ فلیئر“ میں تکنیکی خرابی کے باعث بڑی پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ اس دوران چیٹ جی پی ٹی، آن لائن گیم ”لیگ آف لیجنڈز“، نیو جرسی ٹرانزٹ سروس اور دیگر متعدد ویب سائٹس اور پلیٹ فارمز متاثر ہوئے۔

سان فرانسسکو میں قائم کلاؤڈ فلیئر نے بتایا کہ ان کے انجینئرز نے زیادہ تر مسائل حل کر لیے ہیں اور وہ مزید ممکنہ مشکلات کی نگرانی کر رہے ہیں۔

متاثرہ دیگر سروسز میں سوشل میڈیا سائٹ ایکس، شاپی فائی، ڈراپ باکس، کینوا، کوائن بیس اور موڈیز کریڈٹ ریٹنگ سروس شامل ہیں۔ متاثرہ سائٹس پر ایرر کوڈ 500 ظاہر ہوا اور صارفین کو مزید معلومات کے لیے کلاؤڈ فلیئر کی ویب سائٹ دیکھنے کی ہدایت کی گئی۔

سائبر سیکیورٹی ماہر مائیک چیپل کے مطابق، کلاؤڈ فلیئر کمپنی انٹرنیٹ کو تیز اور محفوظ بنانے کے لیے کام کرتی ہے، لیکن جب اس میں خرابی آتی ہے تو انٹرنیٹ پر وسیع پیمانے پر خلل پیدا ہو جاتا ہے۔

AAJ News Whatsapp

مائیک کے مطابق، کلاؤڈ فلیئر ایک ”کانٹینٹ ڈیلیوری نیٹ ورک“ ہے جو دنیا کی 20 فیصد ویب سائٹس کا مواد ہزاروں سرورز پر منتقل کرتا ہے تاکہ صارفین کو تیز اور محفوظ رسائی فراہم کی جا سکے۔

مائیک چیپل نے سمجھاتے ہوئے کہا کہ ”جب آپ کلاؤڈ فلیئر کی کسی کلائنٹ ویب سائٹ پر جاتے ہیں تو آپ کا کمپیوٹر براہ راست ویب سائٹ سے نہیں جڑتا، بلکہ قریب ترین کلاؤڈ فلیئر سرور سے جڑتا ہے۔ یہ ویب سائٹ کو ٹریفک کی بھیڑ سے بچاتا ہے اور صارف کو تیز رسپانس دیتا ہے۔ یہ سب کچھ تب تک کام کرتا ہے جب تک کہ خرابی نہ آ جائے۔“

گزشتہ ماہ بھی مائیکروسافٹ کو اپنی ایزور کلاؤڈ پورٹل میں خرابی حل کرنے کے لیے فوری کارروائی کرنی پڑی تھی، جس کے باعث صارفین آفس 365، مائن کرافٹ اور دیگر خدمات تک رسائی سے محروم ہو گئے تھے۔

اکتوبر میں ایمیزون کی کلاؤڈ کمپیوٹنگ سروس میں بھی بڑی خرابی آئی تھی، جس سے سوشل میڈیا، گیمنگ، فوڈ ڈلیوری، اسٹریمنگ اور مالیاتی پلیٹ فارمز متاثر ہوئے تھے۔

اس واقعے نے دنیا بھر میں انٹرنیٹ کی بنیادی ڈھانچے کی حساسیت اور کلاؤڈ سروسز پر صارفین کی بڑھتی ہوئی انحصار کو واضح کر دیا ہے۔

Cloudflare

Internet outage

Cloudflare outage