ٹرمپ سعودی ولی عہد ملاقات: محمد بن سلمان کا امریکا میں 1 کھرب ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان
سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے وائٹ ہاؤس میں ملاقات ہوئی ہے جس میں ولی عہد نے امریکا میں 600 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری بڑھا کر تقریباً ایک کھرب ڈالر تک لے جانے کا اعلان کیا ہے۔
امریکا میں سات برس سے زائد عرصے کے بعد وائٹ ہاؤس کے اہم دورے پر شہزادہ محمد بن سلمان کو مکمل عسکری اعزازات کے ساتھ استقبالیہ دیا گیا، جس میں اعزازی فوج، امریکی فضائیہ کے لڑاکا طیاروں اور توپوں کی سلامی شامل تھی، جس کی قیادت خود صدر ٹرمپ نے کی۔
ملاقات میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ شہزادہ محمد بن سلمان نے زبردست کام کیا ہے، ولی عہد سعودی عرب کے مستقبل کے شاہ ہیں۔
صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ سعودی ولی عہد کا شکریہ کہ وہ امریکا کے ساتھ 600 ارب ڈالرز کی سرمایہ کاری کررہے ہیں، اس سرمایہ کاری کا مطلب ہے کہ بہت زیادہ روزگار آئے گا۔
صدر ٹرمپ نے کہا کہ سعودی عرب بہت عظیم شراکت دار ہے، دفاعی معاہدے پر پہنچ چکے ہیں، سعودی عرب ایف 35 لڑاکا طیارے خریدے گا، اسرائیل اور سعودی عرب کو ایف 35 طیاروں کی لائن میں آگے ہونا چاہیے۔ ابراہیمی معاہدے پر بہت اچھی بات چیت ہوئی ہے۔