اپ ڈیٹ 13 نومبر 2025 01:25pm

27ویں آئینی ترمیم سندھ ہائی کورٹ میں چیلنج کردی گئی

کراچی میں وکلا نے 27 ویں آئینی ترمیم کو سندھ ہائی کورٹ میں چیلنج کر دیا، جس میں ترمیم کو غیر آئینی قرار دینے کی استدعا کی گئی ہے۔ لاہور ہائی کورٹ میں 27 ویں ترمیم کے خلاف دائر درخواست سماعت کے دوران واپس لے لی گئی۔

سندھ ہائی کورٹ میں جمعرات کے روز وکلا کی جانب سے 27ویں آئینی ترمیم کی منظوری کے خلاف دائر درخواست میں وفاقِ پاکستان کو فریق بنایا گیا ہے۔ درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ ترمیم آئین کے بنیادی ڈھانچے سے متصادم ہے۔

درخواست میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ 70 سال سے آئینی نوعیت کے تمام فیصلوں کا اختیار سپریم کورٹ کے پاس رہا ہے، ترمیم کے بعد سپریم کورٹ کے فیصلوں کا اطلاق وفاقی آئینی عدالت پر نہیں ہوگا۔

درخواست میں سوال اٹھایا گیا ہے کہ ایسی صورت میں سپریم کورٹ کے فیصلوں کی آئینی حیثیت کیا ہوگی؟

قومی اسمبلی میں 27 ویں آئینی ترمیم دو تہائی اکثریت سے منظور

درخواست گزاروں کے مطابق ججز کے زبردستی تبادلے عدالتی آزادی پر حملہ ہیں اور صدرِ مملکت کا تاحیات استثنیٰ بھی اسلامی تعلیمات کے خلاف ہے۔

درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ 27ویں آئینی ترمیم کوغیرآئینی قرار دیا جائے، خصوصاً کسی آئینی ترمیم کو عدالت میں چیلنج نہ کرنے کی شق کو غیر آئینی قرار دیا جائے اور وفاقی آئینی عدالت کے قیام کو روکا جائے۔

27ویں ترمیم کے نئے متن کی منظوری کے لیے سینیٹ اجلاس جاری

دوسری جانب لاہور ہائی کورٹ میں 27ویں آئینی ترمیم کے خلاف شہری حسان لطیف کی درخواست پر سماعت ہوئی۔

عدالت عالیہ کے جسٹس چوہدری اقبال نے درخواست کی سماعت کی۔ ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ ترمیم میں مزید تبدیلیاں زیر غور ہیں، اس لیے یہ درخواست قبل از وقت ہے۔ ممکن ہے تبدیلیوں کے بعد درخواست گزار کے اعتراضات ختم ہو جائیں۔

درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ وہ ان تبدیلیوں کا انتظار کرنا چاہتے ہیں اور فی الحال درخواست واپس لینا چاہتے ہیں۔ عدالت نے یہ استدعا منظور کرتے ہوئے درخواست واپس لینے کی بنیاد پر خارج کر دی۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ 27ویں آئینی ترمیم کے تحت سپریم کورٹ کے اختیارات وفاقی آئینی عدالت کو منتقل کیے جا رہے ہیں جو آئین کے بنیادی اصولوں کے منافی ہے۔

درخواست گزار نے نکتہ اٹھایا تھا کہ ترمیم کے تحت سپریم کورٹ کے تمام اختیارات وفاقی آئینی عدالت کو دیے جائیں گے، لہٰذا عدالت 27 ویں آئینی ترمیم کو آئین سے متصادم قرار دے کر کالعدم قرار دے۔

Read Comments