شائع 11 نومبر 2025 10:34pm

سینیٹر عرفان صدیقی کی نمازِ جنازہ ادا، وفاقی وزرا سمیت اہم شخصیات کی شرکت

مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور سینیٹر عرفان صدیقی کی نمازِ جنازہ اسلام آباد میں ادا کر دی گئی۔

عرفان صدیقی کی نمازِ جنازہ ایچ الیون قبرستان میں ادا کی گئی جب کہ نماز جنازہ حافظ نسیم خلیل نے پڑھائی، نماز جنازہ میں اہلِ خانہ اور قریبی عزیزوں، معززین علاقہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

سینیٹر عرفان صدیقی کے بیٹے عمران صدیقی، نعمان صدیقی اور بھائی شاہد صدیقی نماز جنازہ میں شریک ہوئے، وفاقی وزرا اعظم نذیر تارڑ، احسن اقبال ، عطاء اللہ تارڑ، طارق فضل چودھری، چوہدری سالک حسین اور انجینئر امیر مقام نے بھی شرکت کی۔

اس کے علاوہ سینیٹر ناصر بٹ، سلیم مانڈی والا،، سینیٹر مسرور احسن، سینیٹر وقار مہدی اور دیگر سیاسی رہنما بھی نماز جنازہ میں شریک ہوئے جب کہ نمازِ جنازہ میں سیاسی و سماجی شخصیات میڈیا نمائندگان اور عوامی شخصیات نے بھی شرکت کی۔

ملک بھر سے سوگواران ایچ الیون قبرستان پہنچے، شرکا نے عرفان صدیقی کی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا، مرحوم کی سیاسی، علمی اور صحافتی خدمات کو سراہا گیا، عرفان صدیقی کی رحلت پر سیاسی و ادبی حلقے غمگین ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف سینیٹر عرفان صدیقی کے گھر آمد

دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف سینیٹر عرفان صدیقی مرحوم کے گھر گئے، جہاں اس موقع پروفاقی وزرااعظم نذیر تارڑ،،عطا تارڑ اور محسن نقوی بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔

وزیر اعظم نے مرحوم عرفان صدیقی کے بڑے بیٹے عمران صدیقی اور اہلخانہ سے ملاقات اور اظہار ہمدردی کیا اور مرحوم کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی۔

شہباز شریف نے مرحوم کی سیاست اور ملک کے لیے مجموعی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ عرفان صدیقی ایک شائستہ، بردبار اور اعلیٰ ظرف شخصیت تھے جنہوں نے ملک کی فکری اور سیاسی تاریخ میں گہرا نشان چھوڑا۔

انہوں نے مزید کہا کہ سینیٹر مرحوم وفا کا پیکر ،،پاکستان کے فکری اور صحافتی افق پت درخشاں ستارہ تھے، مرحوم ن لیگ کے قائد نوازشریف اور پارٹی دیرینہ ساتھی تھے، میرے ساتھ ان کا عزت و احترام کا رشتہ تھا، اور وہ انتہائی شفیق انسان تھے۔

Read Comments