سینیٹر عرفان صدیقی کی نمازِ جنازہ ادا، وفاقی وزرا سمیت اہم شخصیات کی شرکت
مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور سینیٹر عرفان صدیقی کی نمازِ جنازہ اسلام آباد میں ادا کر دی گئی۔
عرفان صدیقی کی نمازِ جنازہ ایچ الیون قبرستان میں ادا کی گئی جب کہ نماز جنازہ حافظ نسیم خلیل نے پڑھائی، نماز جنازہ میں اہلِ خانہ اور قریبی عزیزوں، معززین علاقہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
سینیٹر عرفان صدیقی کے بیٹے عمران صدیقی، نعمان صدیقی اور بھائی شاہد صدیقی نماز جنازہ میں شریک ہوئے، وفاقی وزرا اعظم نذیر تارڑ، احسن اقبال ، عطاء اللہ تارڑ، طارق فضل چودھری، چوہدری سالک حسین اور انجینئر امیر مقام نے بھی شرکت کی۔
اس کے علاوہ سینیٹر ناصر بٹ، سلیم مانڈی والا،، سینیٹر مسرور احسن، سینیٹر وقار مہدی اور دیگر سیاسی رہنما بھی نماز جنازہ میں شریک ہوئے جب کہ نمازِ جنازہ میں سیاسی و سماجی شخصیات میڈیا نمائندگان اور عوامی شخصیات نے بھی شرکت کی۔
ملک بھر سے سوگواران ایچ الیون قبرستان پہنچے، شرکا نے عرفان صدیقی کی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا، مرحوم کی سیاسی، علمی اور صحافتی خدمات کو سراہا گیا، عرفان صدیقی کی رحلت پر سیاسی و ادبی حلقے غمگین ہیں۔












