شائع 11 نومبر 2025 10:59pm

صدرمملکت کا اتحادی ارکانِ پارلیمنٹ کے اعزاز میں عشائیہ، 27ویں آئینی ترمیم پر مشاورت

اسلام آباد میں صدر مملکت آصف علی زرداری کی جانب سے اتحادی جماعتوں کے ارکانِ پارلیمنٹ کے اعزاز میں ایوانِ صدر میں عشائیہ دیا گیا، جس میں اتحادی قیادت اور اہم حکومتی شخصیات نے شرکت کی۔

ایوانِ صدر میں صدر مملکت کی جانب سے دیے گئے عشائیے میں وزیراعظم شہباز شریف، چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری، سابق اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف، سینیٹر شیری رحمان ٓ اور شازیہ مری شریک تھے۔

وفاقی وزرا میں وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، وزیر اطلاعات عطا تارڑ، مصدق ملک اور حنیف عباسی کے علاوہ چوہدری سالک حسین، سردار یوسف سمیت دیگر رہنما بھی عشائیے میں شریک ہوئے۔

ذرائع کے مطابق عشائیے میں بدھ کے روز ہونے والی 27ویں آئینی ترمیم پر قومی اسمبلی میں ووٹنگ سے متعلق مشاورت کی گئی۔ اتحادی جماعتوں کے درمیان آئندہ کے لائحہ عمل پر بھی بات چیت ہوئی۔

بیرسٹر گوہر کا 27 ویں آئینی ترمیم پر سخت تحفظات کا اظہار، ”باکو ترمیم“ قرار دے دیا

ایوانِ صدر میں وزیراعظم شہباز شریف اور صدر آصف زرداری کے درمیان ملکی سیاسی اور سیکیورٹی صورتحال پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔

ملاقات کے دوران صدرِ مملکت اور وزیراعظم نے دہشت گردی کے حالیہ واقعات کی مذمت کی اور دونوں قائدین نے دہشت گردوں کے خلاف جنگ جاری رکھنے کا عزم کیا۔

ملاقات میں چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی، اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق، وزیر داخلہ محسن نقوی، خالد حسین مگسی عبدالعلیم خان اور دیگر بھی موجود تھے۔

خیال رہے کہ سینیٹ سے منظوری کے بعد منگل کے روز 27ویں آئینی ترمیم کا بِل قومی اسمبلی میں پیش کیا گیا، جس پر باقاعدہ ووٹنگ نہ ہوسکی۔ بعدازاں قومی اسمبلی کا اجلاس بدھ کے روز صبح 11 بجے تک ملتوی کردیا گیا ۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ بِل کو قومی اسمبلی سے بھی منظور کروا لیا جائے گا۔

اسپیکر سردار ایاز صادق کی زیر صدارت منگل کو ہونے والے اجلاس کے آغاز میں سینیٹر عرفان صدیقی کے انتقال پر ایوان میں فاتحہ خوانی کرائی گئی۔

بعد ازاں وزیر قانون سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے 27ویں آئینی ترمیم کے بل کی تحریک پیش کی، جس پر حکومت اور اپوزیشن کے درمیان بحث اور اپوزیشن کی جانب سے شور شرابا اور نعرے بازی کی گئی۔

Read Comments