مولانا فضل الرحمان کی صدر آصف زرداری سے اہم ملاقات، 27 ویں آئینی ترمیم پر گفتگو
جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی صدر مملکت آصف زرداری سے ملاقات اہم ملاقات ہوئی ہے جب کہ ملاقات میں 27 ویں ترمیم اور دیگر معاملات زیر غور آئے۔
ذرائع کے مطابق ہفتے کو جمعیت علما اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان وفد کے ہمراہ ملاقات کے لیے بلاول ہاؤس پہنچے، جہاں اُن کی صدر مملکت آصف علی زرداری سے اہم ملاقات ہوئی۔
بلاول ہاؤس کراچی میں ہونے والی ملاقات میں بلاول بھٹو زرداری بھی موجود تھے جب کہ ملاقات میں مولانا فضل الرحمان کے ہمراہ مولانا راشد سومرو ، مفتی ابرار احمد اور دیگر بھی موجود تھے۔
ذرائع نے بتایا کہ ملاقات میں مجوزہ 27ویں آئینی ترمیم سمیت ملک کی مجموعی سیاسی صورت حال پر گفتگو کی گئی۔
اس سے قبل صدر آصف علی زرداری سے بلاول ہاؤس کراچی میں وزیر داخلہ محسن نقوی کی ملاقات ہوئی، ملاقات میں 27 ویں آئینی ترمیم سے متعلق مشاورت کی گئی۔
یاد رہے کہ آج وفاقی کابینہ سے منظوری حاصل کرنے کے بعد 27ویں آئینی ترمیم کا بل سینیٹ میں پیش کیا گیا، جس کے بعد اسے قائمہ کمیٹی برائے قانون و انصاف کے حوالے کیا گیا۔
تاہم قائمہ کمیٹی کے اجلاس کے دوران جے یو آئی (ف) کے 2 اراکین، عالیہ کامران اور سینیٹر کامران مرتضیٰ نے اجلاس کا بائیکاٹ کیا اور مؤقف اپنایا کہ مجوزہ مسودے میں وہ ترامیم شامل کی گئی ہیں جو 26ویں ترمیم کے بل سے خارج کی گئیں تھیں۔