ایشیا کپ ٹرافی تنازع: کیا پاکستان اور بھارت کے تعلقات بحال ہونے لگے ہیں؟
ایشیا کپ ٹرافی تنازع پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی مداخلت نے بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی)کی اکڑ نکال دی، جس کے بعد پاکستان اور بھارتی کرکٹ بورڈ میں تعلقات بحال ہونے لگے ہیں۔
ایشیا کپ ٹرافی کے معاملے پر پاکستان اور بھارت کے کرکٹ بورڈز کے درمیان تعلقات میں مثبت پیشرفت ہوئی ہے۔ اس حوالے سے بی سی سی آئی کے سیکرٹری دیوا جیت سائیکیا نے تصدیق کی ہے کہ اس تنازع کو حل کرنے کے لیے آئی سی سی کے سینیئر عہدیدار سرگرم ہیں اور امید ہے کہ یہ معاملہ باہمی افہام و تفہیم سے طے پا جائے گا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق آئی سی سی اجلاس کے موقع پر چیئرمین پی سی بی محسن نقوی اور بھارتی بورڈ کے عہدیداران کی ملاقات ہوئی، جس میں آئی سی سی کا ایک سینئر نمائندہ بھی موجود تھا۔ یہ ملاقات غیر رسمی تھی مگر فضا مثبت رہی اور دونوں فریقوں نے مستقبل میں تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
دیوا جیت سائیکیا کا کہنا تھا کہ آئی سی سی کے ایجنڈے میں ٹرافی کا معاملہ شامل نہیں تھا، تاہم آئی سی سی کے تعاون سے الگ ملاقات میں اس پر تفصیل سے بات ہوئی۔
ان کے مطابق دونوں سائیڈز معاملہ جلد حل کرنے کے لیے تیار ہیں اور اگر بات چیت کا یہ سلسلہ اسی طرح آگے بڑھتا رہا تو آنے والے دنوں میں یہ تنازع ختم ہو جائے گا۔