ستائیسویں ترمیم: کابینہ کا آج ہونے والا اجلاس ملتوی
وفاقی کابینہ کا آج ہونے والا اجلاس اچانک ملتوی کر دیا گیا۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں مجوزہ ستائیسویں آئینی ترمیم کی منظوری دی جانی تھی۔
ذرائع نے بتایا کہ وفاقی کابینہ کا اجلاس آج اسلام آباد میں طلب کیا گیا تھا، جس کے ایجنڈے میں مجوزہ آئینی ترمیم کی منظوری شامل تھی، تاہم اجلاس اچانک ملتوی کر دیا گیا ہے۔
تمام کابینہ اراکین کو اجلاس کی منسوخی کی اطلاع دے دی گئی ہے، جب کہ اجلاس ملتوی کیے جانے کی وجوہات تاحال سامنے نہیں آ سکیں۔ ذرائع کے مطابق کابینہ اجلاس کا نیا شیڈول بعد میں جاری کیا جائے گا۔
ادھر، سینیٹ میں 27ویں آئینی ترمیم پیش کرنے کا فیصلہ بھی موخر کر دیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق ترمیمی بل آج ایوانِ بالا میں پیش کیا جانا تھا، تاہم پیپلز پارٹی کی مرکزی ایگزیکٹو کمیٹی (سی ای سی) میں جاری مشاورتی عمل کے باعث اس اقدام کو کل تک مؤخر کر دیا گیا ہے۔
پیپلز پارٹی کی سی ای سی کا اجلاس آج دوبارہ اسلام آباد میں ہوگا، جس میں پارٹی قیادت آئینی ترمیم سے متعلق حتمی مؤقف طے کرے گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سینیٹ کا اجلاس ہفتہ کو بھی منعقد کیا جائے گا، تاہم آج کے ایوان میں صرف معمول کا ایجنڈا زیرِ غور آئے گا۔
ذرائع کے مطابق آئینی ترمیمی بل کل یا اس کے بعد پارلیمان میں پیش کیا جا سکتا ہے، البتہ حتمی فیصلہ پیپلز پارٹی کی سی ای سی کی مشاورت کے بعد کیا جائے گا۔