ظہران ممدانی نیویارک کے پہلے مسلمان میئر بن گئے
نیویارک میں امریکی تاریخ کا نیا باب رقم ہو گیا ہے، جہاں 34 سالہ ظہران ممدانی شہر کے پہلے مسلمان میئر منتخب ہو گئے ہیں۔ یہ جیت نہ صرف ان کی ذاتی کامیابی ہے بلکہ امریکا میں ترقی پسند سیاست کے لیے بھی ایک بڑی پیش رفت سمجھی جا رہی ہے۔
ڈیموکریٹک سوشلسٹ ظہران ممدانی نے سابق گورنر اینڈریو کومو کو شکست دے کر سب کو حیران کر دیا۔ کومو نے آزاد امیدوار کے طور پر الیکشن لڑا تھا، مگر ممدانی نے اپنی جرات مندانہ مہم اور عوام دوست پالیسیوں سے نیویارک کے ووٹروں کے دل جیت لیے۔
ممدانی نے انتخابی مہم کے دوران صاف طور پر اعلان کیا تھا کہ وہ عام شہریوں کے لیے زندگی آسان بنانا چاہتے ہیں۔ ان کے وعدوں میں کرایوں میں اضافہ روکنے اور شہر میں بسوں کا کرایہ ختم کرنے جیسے اقدامات شامل تھے۔
نیویارک کے الیکشن بورڈ کے مطابق ممدانی کے حق میں دو ملین سے زائد ووٹ کاسٹ ہوئے جو 1969 کے بعد سب سے زیادہ ٹرن آؤٹ ہے۔
دوسری جانب ریاست ورجینیا میں ڈیموکریٹ امیدوار ایبیگیل اسپینبرگر گورنر منتخب ہو گئی ہیں، جو اس ریاست کی پہلی خاتون گورنر بننے کا اعزاز حاصل کریں گی۔ اسپینبرگر نے ریپبلکن امیدوار لیفٹیننٹ گورنر ونسوم ایرل سیئرز کو شکست دی۔ انہوں نے اپنی کامیابی کے بعد کہا، ”ہم نے دنیا کو پیغام دیا کہ 2025 میں ورجینیا نے انتہا پسندی کے بجائے اعتدال کا راستہ چنا۔“