لائیو

ظہران ممدانی نیویارک کے پہلے مسلمان میئر بن گئے

ممدانی یہ کامیابی آنے والے 2026 کے وسط مدتی انتخابات پر گہرا اثر ڈال سکتی ہے
شائع 05 نومبر 2025 08:55am
Zahran Mamdani elected mayor of New York City - Aaj News Breaking

نیویارک میں امریکی تاریخ کا نیا باب رقم ہو گیا ہے، جہاں 34 سالہ ظہران ممدانی شہر کے پہلے مسلمان میئر منتخب ہو گئے ہیں۔ یہ جیت نہ صرف ان کی ذاتی کامیابی ہے بلکہ امریکا میں ترقی پسند سیاست کے لیے بھی ایک بڑی پیش رفت سمجھی جا رہی ہے۔

ڈیموکریٹک سوشلسٹ ظہران ممدانی نے سابق گورنر اینڈریو کومو کو شکست دے کر سب کو حیران کر دیا۔ کومو نے آزاد امیدوار کے طور پر الیکشن لڑا تھا، مگر ممدانی نے اپنی جرات مندانہ مہم اور عوام دوست پالیسیوں سے نیویارک کے ووٹروں کے دل جیت لیے۔

ممدانی نے انتخابی مہم کے دوران صاف طور پر اعلان کیا تھا کہ وہ عام شہریوں کے لیے زندگی آسان بنانا چاہتے ہیں۔ ان کے وعدوں میں کرایوں میں اضافہ روکنے اور شہر میں بسوں کا کرایہ ختم کرنے جیسے اقدامات شامل تھے۔

نیویارک کے الیکشن بورڈ کے مطابق ممدانی کے حق میں دو ملین سے زائد ووٹ کاسٹ ہوئے جو 1969 کے بعد سب سے زیادہ ٹرن آؤٹ ہے۔

دوسری جانب ریاست ورجینیا میں ڈیموکریٹ امیدوار ایبیگیل اسپینبرگر گورنر منتخب ہو گئی ہیں، جو اس ریاست کی پہلی خاتون گورنر بننے کا اعزاز حاصل کریں گی۔ اسپینبرگر نے ریپبلکن امیدوار لیفٹیننٹ گورنر ونسوم ایرل سیئرز کو شکست دی۔ انہوں نے اپنی کامیابی کے بعد کہا، ”ہم نے دنیا کو پیغام دیا کہ 2025 میں ورجینیا نے انتہا پسندی کے بجائے اعتدال کا راستہ چنا۔“

AAJ News Whatsapp

نیو جرسی میں بھی ڈیموکریٹ امیدوار میکی شیریل نے گورنر کا انتخاب جیت لیا۔ ان تینوں ریاستوں کے نتائج کو ڈیموکریٹک پارٹی کے لیے ایک بڑا حوصلہ سمجھا جا رہا ہے، جو گزشتہ سال ڈونلڈ ٹرمپ کی فتح کے بعد واشنگٹن میں اقتدار سے باہر ہو گئی تھی۔

سیاسی ماہرین کے مطابق ان انتخابات نے ظاہر کیا ہے کہ امریکی عوام معیشت اور مہنگائی جیسے مسائل پر زیادہ توجہ دے رہے ہیں۔ ممدانی نے ترقی پسند نظریات کے ساتھ نئی نسل کی آواز بن کر خود کو ایک قومی سطح کے رہنما کے طور پر منوایا ہے۔

کئی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ یہ کامیابی آنے والے 2026 کے وسط مدتی انتخابات پر گہرا اثر ڈال سکتی ہے۔ تاہم امریکی سیاست میں ایک سال بہت لمبا وقت ہوتا ہے، اور حالات کسی بھی وقت بدل سکتے ہیں۔

لیکن فی الحال، نیویارک کے مسلمان شہریوں کے لیے یہ ایک تاریخی لمحہ ہے، ان کے شہر کا میئر پہلی بار وہ شخص بنا ہے جو نہ صرف ان کے مذہب بلکہ ان کے خوابوں کی بھی نمائندگی کرتا ہے۔

zohran mamdani

New York mayoral election

Mayor Election 2025

NYC Mayor Race