مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان ہماری ریڈ لائن ہے، پاکستان کی طرف کسی کو بھی میلی آنکھ سے دیکھنے نہیں دیں گے۔ انہوں نے یہ بات وزیر اعظم شہباز شریف سے جاتی امرا میں ہونے والی ملاقات کے دوران کہی۔
ذرائع کے مطابق اتوار کو وزیراعظم شہباز شریف مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف سے ملاقات کے لیے ان کی رہائش گاہ جاتی امرا پہنچے، ملاقات میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز بھی شریک تھیں۔
ملاقات میں دونوں رہنماؤں کے درمیان ملکی مجموعی سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر شہباز شریف نے نواز شریف کو پاکستان اور افغانستان کے درمیان ہونے والے مذاکرات کی تفصیلات سے آگاہ کیا جب کہ ملاقات میں دہشت گردی کا جڑ سے خاتمہ کرنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ پاکستان کی طرف کسی کو بھی میلی آنکھ سے دیکھنے نہیں دے گے، وطن عزیر کی حفاظت کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے، پاکستان ہماری ریڈ لائن ہے، قوم کے بیٹے اپنی جانوں کی پرواہ کیے بغیر پاک وطن کی حفاظت کررہے ہیں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کا مکمل صفایا ہی امن کی ضمانت ہے، عوام کی جان و مال کا تحفظ ہی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف سے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے لاہور میں ملاقات کی، جس میں وزیر داخلہ نے وزیراعظم کو ملک میں امن و امان کی صورت حال سے آگاہ کیا۔
وزیراعظم ہاؤس سے جاری بیان میں کہا گیا کہ وزیراعظم شہباز شریف کو اسلام آباد میں جاری ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی۔