Aaj Logo

اپ ڈیٹ 14 اگست 2025 09:47pm

سفاکی کی انتہا، سنگدل ماں نے 2 کمسن بچوں کو قتل کر ڈالا

کراچی کےعلاقے ڈیفنس فیز 6 میں ماں نے دو بچوں کو قتل کر دیا ، پولیس نے دونوں بچوں کی لاشوں کو جناح اسپتال منتقل کرکے ماں کو حراست میں لے لیا۔

پولیس کے مطابق واقعہ طلاق کے بعد بچوں کی حوالگی کے تنازعے پر پیش آیا۔ گرفتار خاتون ملزمہ سے آلہ قتل بھی برآمد کر لیا گیا ہے، جبکہ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔

پولیس کے مطابق مقتول بچوں کی شناخت 7 سالہ ضرار غفران اور ساڑھے چار سالہ سمعیہ غفران کے نام سے ہوئی ہے۔ دونوں بچے گزشتہ رات اپنی والدہ کے پاس قیام کے لیے آئے تھے۔

درخشاں تھانے کے ایس ایچ او شاہد تاج نے بتایا کہ لاہور سے تعلق رکھنے والی ملزمہ ادیبہ کی شادی 9 سال قبل کراچی کے رہائشی غفران سے ہوئی تھی۔ ازدواجی تعلقات میں کشیدگی کے باعث دونوں کے درمیان ستمبر 2024 میں طلاق ہوگئی تھی، اور بچوں کی حوالگی عدالت کے مقررہ نظام کے تحت جاری تھی۔ بچے ہفتے میں ایک یا دو بار والدہ سے ملنے آتے تھے۔

کم سن بچے کا اغوا کے بعد قتل، سگی ماں ملوث نکلی

ماں نے اپنے دو معصوم بچوں کو تیزاب پلا کر قتل کر دیا

ایس ایس پی مہروز علی کے مطابق، ابتدائی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ ملزمہ ادیبہ ذہنی بیماری میں مبتلا تھی اور اس پر اکثر جنونی کیفیت طاری ہو جاتی تھی۔ گھر والوں کے مطابق ملزمہ کو جھٹکے بھی پڑتے تھے، جس کے باعث ازدواجی زندگی متاثر ہوئی۔

پولیس نے موقع سے آلہ قتل برآمد کر لیا ہے جبکہ دونوں بچوں کی لاشیں قانونی کارروائی کے لیے جناح اسپتال منتقل کر دی گئی ہیں۔ مقتول بچوں کے والد ایک نجی کمپنی میں ملازم ہیں۔

پولیس نے دونوں بچوں کی لاشوں کوتحویل میں لیکر اسپتال منتقل کردیا، آلہ قتل برآمد کرکے ماں کو حراست میں لیا، مزید تفتیش شروع کردی ہے۔

Read Comments