Aaj Logo

اپ ڈیٹ 21 جولائ 2025 10:05pm

پنجاب اسمبلی میں سینیٹ نشست پر مسلم لیگ (ن) کے حافظ عبدالکریم نے میدان مار لیا

پنجاب اسمبلی میں سینیٹ کی نشست پر مسلم لیگ ن کے امیدوار حافظ عبد الکریم نے میدان مار لیا، حکومت اور اپوزیشن کے ارکان اسمبلی نے اپنی اپنی قیادت کی ہدایت پر بھرپور عمل کیا، یہ نشست پروفیسر ساجد میر کے انتقال کے باعث خالی ہوئی تھی، غیرحتمی غیرسرکاری نتائج کے مطابق الیکشن میں 368 میں سے 245 ووٹ ڈالے گئے جس میں حافظ عبد الکریم نے 243 ووٹ اور اپوزیشن کے عبد الستار نے 99 ووٹ حاصل کیے جبکہ 3 ووٹ مسترد ہوئے، نو منتخب سینیٹر کا کہنا ہے کہ ایوان بالا میں ملک و قوم کیلئے بھرپور آواز بلند کروں گا۔

پنجاب سے سینیٹ کی نشست پر مسلم لیگ ن کے امیدوار حافظ عبد الکریم نے میدان مار لیا۔ گنتی کا عمل مکمل ہونے پر پریذائیڈنگ آفیسر نے نتائج کا اعلان کیا جس کے مطابق حکومتی امیدوار حافظ عبدالکریم 243 ووٹ لے کر جیت گئے۔

اپوزیشن کے امیدوار مہر عبدالستار 99 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے، پولنگ کے دوران 345 ووٹ کاسٹ ہوئے، پولنگ کے دوران مسترد ووٹوں کی تعداد 3 رہی۔

نومنتخب سینیٹر حافظ عبدالکریم کا اظہارِ تشکر

نومنتخب سینیٹر حافظ عبدالکریم نے اپنے خطاب میں کہا کہ اللہ کا شکر ادا کرتا ہوں جس نے مجھے یہ کامیابی دی، میاں نوازشریف کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے ہمیشہ جمیعت الحدیث سے وفا کی۔

حافظ عبدالکریم نے کہا کہ نوازشریف نے ہمیشہ ہمارا خیال رکھا جس پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں، وزیراعظم شہباز شریف کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے عزت دی۔ مریم نواز کا بھی تہہ دل سے شکر گزار ہوں جنہوں نے اتحادیوں سے مل کر مجھے جتوایا اور سیلاب زدہ علاقوں میں کام چھوڑ کر میرے لئے ووٹ کاسٹ کیا۔

سینیٹر حافظ عبدالکریم نے مزید کہا کہ ق لیگ، پیپلز پارٹی، آئی پی پی کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں، اسپیکر ملک محمد احمد خان اور رانا ارشد کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے کامیاب کروانے کے لئے محنت کی۔

چیف وہپ پنجاب اسمبلی رانا محمد ارشد کی گفتگو

چیف وہپ پنجاب اسمبلی رانا محمد ارشد نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پروفیسر ساجد میر کے جانشین حافظ عبد الکریم کو صوبہ پنجاب سے 245 ووٹ کاسٹ ہوئے۔ رانا محمد ارشد نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے دو ووٹ اور اپوزیشن کا ایک ووٹ مسترد ہوا، عبدالکریم 243 ووٹ لے کر دو تہائی اکثریت سے سینیٹ ممبر منتخب ہو چکے ہیں۔

سینیٹ کی خالی نشست پر پولنگ صبح 9 بجے شروع ہوئی جو کہ شام 4 بجے تک جاری رہی، سینیٹ انتخابات کیلئے اراکین اسمبلی نے 345 ووٹ کاسٹ کئے، نشست پر 4 امیدوار مدمقابل تھے۔ مسلم لیگ ن کی جانب سے چیف وہپ رانا ارشد کو پولنگ ایجنٹ مقرر کیا گیا تھا جبکہ اپوزیشن کی جانب سے رانا شہباز نے پولنگ ایجنٹ کے فرائض سر انجام دیئے۔

پاکستان مسلم لیگ ن کے امیدوار حافظ عبدالکریم اور پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار مہر عبدالستار تھے جبکہ خدیجہ صدیقی اور اعجاز منہاس آزاد امیدوار تھے۔ کسی بھی امیدوار کو کامیابی کے لئے 185 ووٹ درکار تھے، حکومتی امیدوار کو 261 جبکہ اپوزیشن کو 108 ووٹوں کی حمایت حاصل تھی۔

گنتی مکمل ہونے پر مسلم لیگ ن کے امیدوارحافظ عبدالکریم 243 ووٹ لے کر کامیاب ہو گئے۔ پنجاب اسمبلی میں کل نشستوں کی تعداد 371 ہے جبکہ دو نشستیں خالی ہیں، الیکشن کیلئے کل ووٹوں کی تعداد 369 ہے۔

پنجاب اسمبلی میں مسلم لیگ ن کے کل ووٹوں کی تعداد 229، پیپلز پارٹی کے 16، مسلم لیگ ق کے ووٹوں کی تعداد 11 ہے، جبکہ مسلم لیگ ضیاء کا ایک ووٹ ہے۔ پنجاب اسمبلی میں پی ٹی آئی کے ووٹوں کی تعداد 27 ہے، سنی اتحاد کونسل کے 76 ووٹ ہیں جبکہ تحریک لبیک پاکستان اور مجلس وحدت مسلمین کا ایک ایک ووٹ ہے۔

اس کے علاوہ استحکام پاکستان پارٹی کے 7 ووٹ ہیں۔ مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان کے امیر پروفیسر ساجد میر کی وفات کے بعد یہ نشست خالی ہوئی تھی۔

سینیٹ کے پنجاب میں ہونے والے الیکشن میں مریم نواز شریف سیلاب زدگان کے امدادی دورہ کو مختصر کر کے پنجاب اسمبلی پہنچیں۔ ووٹ کاسٹ کرنے کے بعد مریم نواز واپس روانہ ہو گئیں، انھوں نے سینیٹ نشست کی جیت پر تمام اتحادیوں کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔

سینیٹ کی ایک سیٹ پر ہونے والے انتخابات میں حکومت، اس کے اتحادی اور اپوزیشن ارکان نے اپنے اپنے امیدوار کا بھرپور ساتھ دیا۔

Read Comments