Aaj Logo

اپ ڈیٹ 18 جولائ 2025 12:49pm

پوٹھوہار ریجن میں طوفانی بارشوں کے بعد سیلابی صورتحال برقرار، 1500 افراد محفوظ مقام پر منتقل

پوٹھوہار ریجن میں طوفانی بارشوں کے بعد سیلابی صورتحال برقرار ہے۔ ابتک 1500 افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔ جہلم میں ریسکیو کے دوران ڈوبنے والے پولیس کانسٹیبل حیدرکی لاش مل گئی، محکمہ موسمیات نے پنجاب میں مون سون بارشوں کا چوتھا سلسلہ 21 جولائی سے شروع ہونے کی پیش گوئی کردی۔ چکوال، جہلم اور راولپنڈی میں رین ایمرجنسی نافذ ہے، جب کہ ریسکیو آپریشن میں ہیلی کاپٹرز کا بھی استعمال کیا گیا۔**

گزشتہ روز پوٹھوہار ریجن میں شدید بارشوں کے باعث سیلابی صورتحال پیدا ہوئی، جس کے بعد ضلعی انتظامیہ اور پاک فوج کے جوانوں نے بروقت ریسکیو آپریشن کرتے ہوئے 1500 شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا۔ چکوال، جہلم اور راولپنڈی میں رین ایمرجنسی نافذ ہے۔

ضلعی انتظامیہ نے تحصیل بھیرہ کے 19 دیہات، شاہپور کے 12 دیہات اور تحصیل ساہیوال کےمکینوں کو محفوظ مقامات پرمنتقل کرنے کا حکم دیا۔ دریائے جہلم میں اونچے درجے کا سیلاب ہے۔ تحصیل بھیرہ اور شاہپور میں ریڈ الرٹ جاری کر دیا گیا۔

جہلم میں ریلے میں بہہ جانے والے پولیس اہلکار حیدر کی لاش مل گئی۔ متعدد دیہات اب بھی زیر آب ہیں۔

آج مزید بارش کی پیشگوئی، اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور سمیت دیگر شہروں میں موسلادھار بارش کا امکان

پی ڈی ایم اے کے ترجمان کے مطابق جہلم سے 398 شہریوں کو ریسکیو کیا گیا، جن میں 160 افراد کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے محفوظ مقامات پر پہنچایا گیا۔ چکوال سے 209 افراد کو نکالا گیا، جن میں 182 کو ضلعی انتظامیہ اور 27 کو فضائی آپریشن کے ذریعے ریسکیو کیا گیا۔

پی ڈی ایم کا کہنا ہے کہ راولپنڈی میں بھی ضلعی انتظامیہ نے 450 افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا، جب کہ نالہ لئی سے 6 افراد کو ہیلی کاپٹر کی مدد سے بچایا گیا۔

پنجاب میں رواں سال ریکارڈ بارشیں ہوئیں، جانی و مالی نقصان پر بہت افسوس ہے، وزیراعظم

ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا کے مطابق بروقت ریسکیو آپریشن کے باعث کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ انہوں نے بتایا کہ مون سون کے دوران معمول سے زیادہ بارشوں کی پیشگوئی ہے اور مون سون بارشوں کا چوتھا سلسلہ 21 جولائی سے شروع ہوگا۔

عرفان کاٹھیا نے شہریوں کو ہدایت کی کہ وہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور محفوظ مقامات پر رہیں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ شہریوں کے تحفظ کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

محکمہ زراعت حکام کے مطابق اگلے 24 سے 48 گھنٹے میں بھارت کی جانب سے ریلہ چھوڑے جانے کا امکان ہے۔ پنجاب میں مون سون بارشوں کا چوتھا سلسلہ 21 جولائی سے شروع ہونے کی پیش گوئی ہے۔

منڈی بہاؤالدین جیل سے 674 قیدی ڈسٹرکٹ جیل حافظ آباد منتقل

دوسری جانب منڈی بہاؤالدین جیل سے 674 قیدیوں کو ڈسٹرکٹ جیل حافظ آباد منتقل کر دیا گیا۔ جیل ذرائع کے مطابق حالیہ شدید بارشوں کے باعث منڈی بہاؤالدین جیل کی دیوار گر گئی تھی اور بارش کا پانی قیدیوں کی بیرکوں تک پہنچ گیا تھا، جس کے باعث فوری طور پر قیدیوں کی منتقلی کا فیصلہ کیا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ قیدیوں کی منتقلی بارشی صورتحال کے پیش نظر حفاظتی اقدام کے طور پر کی گئی۔ منتقل کیے جانے والے کئی قیدی سنگین مقدمات میں ملوث ہیں۔ جیل حکام نے صورت حال پر قابو پانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کر لیے ہیں۔

Read Comments