Aaj Logo

اپ ڈیٹ 26 مئ 2025 09:28pm

وزیراعظم 2 روزہ دورے پر ایران پہنچ گئے، ایرانی صدر سے ملاقات، دوطرفہ امور پر بات چیت

وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف 2 روزے پر ایران کے دارالحکومت تہران پہنچ گئے جہاں اُن کی ایرانی صدر سے ملاقات ہوئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم پاکستان شہباز شریف اپنے 4 ملکی دورے کے اگلے مرحلے میں ترکیہ کا دورہ مکمل کرنے کے بعد اپنے 2 روزہ دورے کے لیے ایران کے دارالحکومت تہران پہنچ پہنچے، مہرآباد ائیر پورٹ تہران پہنچنے پر ایرانی وزیر داخلہ اسکندر مومنی، ایران کے پاکستان میں سفیر رضا امیری مقدم، پاکستان کے ایران میں سفیر مدثر ٹیپو اور اعلی سفارتی اہلکاروں نے وزیرِ اعظم شہباز شریف اور پاکستانی وفد کا استقبال کیا۔

ہوائی اڈے پر وزیرِ اعظم کو ایرانی فوج کے چاک و چوبند دستے نے سلامی بھی پیش کی۔

نائب وزیراعظم و وزیرِ خارجہ محمد اسحاق ڈار، چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وفاقی وزیر داخلہ سید محسن رضا نقوی، وفاقی وزیر اطلاعات عطااللہ تارڈ اور معاون خصوصی وزیر اعظم سید طارق فاطمی وفد میں شامل ہیں۔

سفارتی محاذ پر سرگرمیاں تیز : وزیراعظم آئندہ ہفتے مختلف ممالک کا دورہ کریں گے

بعد ازاں وزیراعظم شہباز شریف ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان سے ملاقات کے لیے سعد آباد پیلس تہران پہنچے، جہاں ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے ان کا استقبال کیا، دونوں ممالک کے قومی ترانے بھی بجائے گئے۔

اس موقع پر وزیراعظم کو ایران کی مسلح افواج کے دستوں نے گارڈ آف آنر دیا جبکہ شہباز شریف نے مہمان صدر کے ساتھ گارڈ آف آنر کا معائنہ بھی کیا۔

جس کے بعد وزیراعظم شہبازشریف نے ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے ملاقات کی، جس میں اہم دوطرفہ امور پر بات چیت کی گئی۔

قبل ازیں ترک وزیر دفاع یشار گیولر، ڈپٹی گورنر استنبول الکر حاقتان کچمز، پاکستان ترکیہ کلچرل ایسوسی ایشن کے صدر برہان قایاترک اور پاکستان کے ترکیہ میں سفیر یوسف جنید اور دیگر نے استنبول کے ہوائی اڈے پر وزیراعظم کو رخصت کیا۔

وزیر اعظم نے پاک بھارت حالیہ کشیدگی میں بھرپور تعاون اور حمایت پر ترکیہ کے عوام اور بالخصوص صدر اردوان کا شکریہ ادا کیا۔

وزیراعظم کی وفد کے ہمراہ ترک صدر سے ملاقات، اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید بلندیوں تک پہنچانے کا عزم

یاد رہے کہ وزیر اعظم پاکستان محمد شہباز شریف 25 سے 30 مئی 2025 تک ترکی، ایران، آذربائیجان اور تاجکستان کا دورہ کررہے ہیں، وزیر اعظم ان ممالک کے رہنماؤں کے ساتھ دو طرفہ تعلقات اور علاقائی اور بین الاقوامی اہمیت کے معاملات پر وسیع پیمانے پر بات چیت کریں گے۔

واضح رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے 25 مئی کو وفد کے ہمراہ ترک صدر رجب طیب اردوان سے ملاقات کی ، جس میں دونوں رہنمائوں نے دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا، اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید بلندیوں تک پہنچانے کا عزم اور جموں و کشمیر تنازع پر اصولی حمایت کا اعادہ کیا۔

وزیراعظم نے بھارت کے ساتھ حالیہ بحران کے دوران دوست ممالک کی جانب سے پاکستان کو دی گئی حمایت پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

یاد رہے وزیراعظم شہباز شریف 29 اور 30 مئی 2025 کو تاجکستان کے شہر دوشنبے میں گلیشیئرز پر بین الاقوامی کانفرنس میں بھی شرکت کریں گے۔

Read Comments