Aaj Logo

اپ ڈیٹ 20 مئ 2025 09:27pm

نوشیروفیروز؛ مشتعل مظاہرین نے وزیر داخلہ سندھ ضیا الحسن لنجار کا گھر نذرآتش کر دیا

نوشہروفیروز میں متنازعہ کینالز کے خلاف مورو داد و بائی پاس دھرنے کے دوران پولیس اورمظاہرین آمنے سامنے آگئے۔ دوطرفہ فائرنگ سے دو مظاہرین بھی ہلاک ہوگئے، جبکہ پرتشدد مظاہرے میں پولیس اہلکاروں کو بھی تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔ مشتعل افراد نے وزیرداخلہ سندھ ضیاالحسن لنجار کا گھرنذرآتش کردیا۔ انھوں نے آج نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ واقعے کی غیر جانبدار تحقیقات کرا رہا ہوں، پرامن احتجاج کی آڑ میں کسی کو بھی بدامنی پھیلانے نہیں دیں گے۔

تفصیلات کے مطابق ضلع نوشیروفیروز کی تحصیل مورو میں متنازع کینالوں کے خلاف قوم پرست جماعتوں کا احتجاج پرتشدد رخ اختیار کرگیا۔ مشتعل افراد کو منتشر کرنے کے لیے پولیس نے لاٹھی چارج کیا۔

دھرنے کے دوران پولیس اور مظاہرین کے درمیان شدید جھڑپیں ہوئیں جس کے نتیجے میں فریقین کی جانب سے فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ مظاہرین نے پولیس اہلکاروں کو تشدد کا نشانہ بنایا۔

دو کارکنوں کے موت کے بعد مشتعل افراد سڑکوں پر نکل آئے اور مورو قومی شاہراہ پر تین ٹریلرز کو آگ لگادی جبکہ گاڑیوں پر لدا سامان بھی لوٹ لیا گیا۔ فائررنگ کے باعث مقامی آبادی شدید خوف و ہراس میں مبتلا رہی۔

اس دوران مظاہرین کی بڑی تعداد وزیر داخلہ سندھ ضیا الحسن لنجار کی رہائش گاہ پہنچ گئی اور وہاں توڑ پھوڑ کی۔ مشتعل افراد نے وزیر داخلہ سندھ کے گھر کو آگ لگا دی۔ گھر کو شدید نقصان پہنچا۔

واقعے کے بعد علاقے کی فضا کشیدہ ہو گئی، حالات کنٹرول کرنے کے لیے پولیس کی اضافی نفری طلب کرلی گئی ہے۔

وزیرداخلہ سندھ ضیا الحسن لنجار کی آج نیوز سے خصوصی گفتگو

وزیرداخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے آج نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ واقعے کی غیر جانبدار تحقیقات کرا رہا ہوں، پرامن احتجاج کی آڑ میں کسی کو بھی بدامنی پھیلانے نہیں دیں گے۔

ضیاء الحسن لنجار نے کہا کہ میرے گھر کو آگ لگی ہے کچھ لوگ زخمی بھی ہیں، ملزمان کیخلاف قانون کے مطابق کارروائی ہوگی۔

Read Comments