Aaj Logo

اپ ڈیٹ 07 مئ 2025 01:57pm

بھارت کے پاکستان میں 6 مقامات پر میزائل حملے، پاکستان نے جوابی کارروائی میں 5 طیارے، 7 ڈرون مار گرائے، بریگیڈ ہیڈکوارٹرز تباہ

اہم نکات

  • رات تقریباً ایک بجے (پاکستانی وقت)، بھارتی طیاروں نے اپنی فضائی حدود میں رہتے ہوئے پاکستان اور آزاد جموں و کشمیر کے چھ مقامات پر میزائل حملے کیے۔

  • پاک فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف کے مطابق، ان حملوں میں کم از کم 26 افراد شہید اور 46 زخمی ہوئے، جن میں زیادہ تر خواتین اور بچے شامل ہیں۔ تین مساجد کو نقصان پہنچا۔

  • عسکری ذرائع اور سرکاری نشریاتی ادارے پی ٹی وی کے مطابق جواب میں، پاکستان نے اب تک بھارتی فضائیہ کے 5 جنگی طیارے اور7 ڈرون مار گرائے ہیں۔ خواجہ آصف نے امریکی نشریاتی ادارے بلومبرگ کو بتایا کہ پاکستان نے 5 بھارتی طیارے مار گرائے ہیں جب کہ متعدد ڈرونز کو بھی تباہ کیا گیا ہے۔

  • سیکیورٹی ذرائع کے مطابق، پاکستان نے بھارتی فوج کی 15ویں کور کے 9ویں ڈویژن کی 12ویں انفنٹری بریگیڈ کے ہیڈکوارٹر کو بھی تباہ کر دیا ہے۔ سی این این نے سری نگر کے قریب دھماکے کی اطلاع دی ہے۔


بھارت نے منگل اور بدھ کی درمیانی شب پاکستان کے 6 مقامات پر میزائل داغ دیئے جس کے فوری بعد پاکستان نے جوابی کارروائی شروع کر دی۔ سیکورٹی ذرائع کے مطابق پاکستان نے بھارتی فوج کے ایک بریگیڈ ہیڈکوارٹرز کو تباہ کردیا ہے اور اس کے 5 طیارے مار گرائے ہیں جن میں 3 رافیل بھی شامل ہیں۔ پاکستان نے بھارتی فوج کی ڈرون کے ذریعے در اندازی کی کوشش ناکام بناتے ہوئے 7 بھارتی ڈرون بھی مار گرائے۔

پاکستان میں بھارتی میزائل حملوں میں بہاولپور، کوٹلی اور مظفرآباد کو نشانہ بنایا گیا، ڈی جی آئی ایس پی آر نے تصدیق کی کہ حملے میں 26 شہری شہید اور 46 زخمی ہوئے ہیں۔

پاکستان کی کارروائی حملے کے کئی گھنٹے بعد بھی جاری تھی۔ ایک بھارتی صحافی ادتیا راج کول نے بھی بھارت کے بڑے جانی نقصان کی تصدیق کی ہے۔

بھارتی میزائل حملے

پاکستانی دفتر خارجہ کے ایک بیان سے ظاہر ہوتا ہے کہ بھارتی طیاروں نے پاکستانی حدود میں داخل ہوئے بغیر میزائل داغے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے بدھ کی علی الصبح نیوز کانفرنس میں بتایا کہ بھارت نے 6مقامات پر 24حملے کیے، جن میں 8پاکستانی شہید 35زخمی ہیں۔

انہوں نے کہاکہ احمد پورشرقیہ میں مسجد سبحان پر 4حملے کیے، مسجد سبحان پر حملے میں بچی سمیت 4شہید، 31زخمی ہوئے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہاکہ مظفرآباد میں مسجد بلال کو نشانہ بنایا گیا، حملے میں بچی زخمی اور مسجد شہید ہوگئی، کوٹلی میں مسجد عباس پر حملہ کیا گیا، حملے میں 16سالہ لڑکی اور بچہ شہید ہوا، مریدکے میں مسجد پرحملہ ہوا، ایک شہید، ایک زخمی، 2لاپتا ہوئے۔

ترجمان کے مطابق سیالکوٹ میں گاؤں پر 2گولے گرے، کوئی نقصان نہیں ہوا، شکرگڑھ پر 2حملے ہوئے، ڈسپنری کو معمولی نقصان پہنچا۔

ترجمان پاک فوج نے کہاکہ ہم نے کنٹرول لائن پر گزشتہ روز عالمی میڈیا کا دورہ کرایا، عالمی میڈیا کو آج مریدکے اور بہاولپور جانا تھا، بھارت نے معصوم اور بے گناہ افراد کو نشانہ بنایا، عالمی میڈیا کو ان جگہوں کا صبح دورہ کرایا جائے گا۔

انہوں نے کہاکہ بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔

اس سے قبل وزیراعظم شہباز شریف نے بھی بھارتی جارحیت کا جواب دینے کا اعلان کیا۔

بھارتی طیارے تباہ

پاکستان نے بھارت کے دو طیارے فورا مار گرائے جب کہ مزید تین گرانے کی خبریں بعد میں آئیں۔

سرکاری چینل پی ٹی وی نے اپنی ابتدائی رپورٹ میں بتایا کہ ”ابتدائی اطلاعات کے مطابق پاکستان ایئر فورس نے دشمن کے دو طیارے مار گرائے ہیں۔ تمام پاکستانی فضائیہ کے طیارے محفوظ ہیں۔ پاکستان کی مسلح افواج دشمن کی جارحیت کا بھرپور جواب دے رہی ہیں۔“

اس وقت سی این این نے بھی پاکستانی فوج کے ترجمان کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ پاکستان نے دو بھارتی فوجی طیارے مار گرائے ہیں۔

فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے سی این این کے صحافی جم سکیوٹو کو بتایا کہ: ”بھارتی فضائیہ کے دو طیاروں کو مار گرائے جانے کی تصدیق ہو چکی ہے۔ پاکستانی افواج، خواہ وہ زمینی ہوں یا فضائی، دشمن کو بھرپور نقصان پہنچا رہی ہیں۔ لیکن میں آپ کو تصدیق کے ساتھ بتا سکتا ہوں کہ بھارتی فضائیہ کے کم از کم دو طیارے تباہ کیے جا چکے ہیں۔“

اطلاعات کے مطابق ایک جہاز بھا ٹنڈا میں اور ایک اکھنور میں گرا۔ تین بجے کے بعد سیکورٹی ذرائع نے بتایا کہ ایک اور جہاز اونتی پورا کے قریب تباہ ہوا ہے۔

پاکستان نے پکھلیاں، سیالکوٹ سیکٹر،کوٹلی سیکٹر ، برنالہ سیکٹر اور شکرگڑھ سیکٹر میں بھارتی فوج کے 7 ڈرون بھی مار گرائے جن میں ایک بڑا ہیرون مسلح ڈرون بھی شامل ہے۔

بعد ازاں مزید دو طیارے بھی مار گرانے کی خبریں آئیں۔ سیکورٹی ذرائع کے مطابق یہ طیارے اس وقت مارے گئے جب یہ پاکستان پر بھارتی سر زمین کو استعمال کر کے پاکستان پر حملہ کر رہے تھے۔ ان طیاروں میں تین رافیل، ایک مگ 29, اور ایک SU-30 شامل ہیں۔

اسکے علاوہ ایل او سی پر دشمن کی جولی پوسٹ، بڈوری سیکٹر میں دشمن کے 50 فوجی پوسٹیں چھوڑ کر بھاگ گئے۔

پاک فوج کی بھاگتے بھارتی فوجیوں پر آرٹلری کی فائرنگ، پاک فوج کی فائرنگ سے دشمن کی بڑی تعداد میں ہلاکتوں کی اطلاعات ہیں۔

سیکورٹی ذرائع کے مطابق پیر کانٹی سیکٹر میں بھی 40 بھارتی فوجی پوسٹیں چھوڑ کر بھاگ گئے، پاک فوج کی جوابی کاروائی سے متعدد ہلاکتیں ہوئی ہیں۔

بہاولپوراور مظفر آباد میں مساجد کو نشانہ بنایا گیا

سیکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ بھارت نے رات کے اندھیرے میں ایک بزدلانہ حملہ کرتے ہوئے بہاولپور میں واقع مسجد سبحان کو بھی نشانہ بنایا۔ اس حملے میں ایک معصوم بچہ شہید جبکہ ایک عورت اور ایک مرد شدید زخمی ہوئے۔

مظفر آباد کے علاقے شیوائی میں بھی ایک مسجد کو شہید کردیا گیا۔ شیوائی میں خواتین اور بچیاں بھارتی حملے میں زخمی ہوئیں۔

بھارتی حملوں کے بعد زخمی ہونے والوں میں زیادہ تعداد خواتین اور بچوں کی ہے۔

اس کے کچھ ہی دیر بعد پاکستان نے جوابی کارروائی کردی۔

پاک فضائیہ نے بھارتی طیاروں کو روک دیا

ڈی جی آئی ایس پی آر کا مزید کہنا تھا کہ بھارتی طیاروں کو پاکستانی حدود میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی گئی۔ پاک فضائیہ مکمل مستعد ہے اور ہر قسم کی جارحیت کا فوری اور منہ توڑ جواب دینے کے لیے تیار ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان مناسب وقت پر بھرپور جواب دے گا۔

ایوی ایشن ذرائع کے مطابق لاہور کی فضائی حدود 48 گھنٹوں کے لیے مکمل طور پر بند کر دی گئی ہے۔ حکام نے شہریوں کو محتاط رہنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔

Read Comments