Aaj Logo

اپ ڈیٹ 03 مئ 2025 11:30pm

کورنگی میں ڈکیتی کے دوران ہونے والی فائرنگ سے جاں بحق نوجوان کی نماز جنازہ ادا

کراچی کے علاقے کورنگی میں مسلح ڈاکوئوں کی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے 17 سالہ نوجوان ثاقب کی نماز جنازہ ادا کردی گئی۔ نوجوان کی ہلاکت اور کزن کے زخمی ہونے کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ رات لائٹ نہ ہونے کی وجہ ثاقب اپنے کزن احتشام کے ساتھ گھر کے باہر بیٹھا تھا کہ ڈاکوئوں نے موبائل چھیننے کے بعد فائرنگ کردی۔ مقتول کے کزن نے شور مچایا تو ڈاکوئوں نے اسے بھی پیر پر گولی ماردی جبکہ 17 سالہ ثاقب زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے اسپتال میں دم توڑ گیا۔

جاں بحق ثاقب کی نمازجنازہ بعد نماز ظہر مقامی مسجد ادا کی گئی جس میں علاقہ مکین اور رشتہ داروں کی بڑی تعداد میں شریک ہوئی۔ اہل علاقہ کہتے ہیں متعدد بار ڈاکو واردات کرتے آرہے ہیں علاقہ پولیس بے بسی کی تصویر بنی ہوئی ہے۔

نوجوان ثاقب اپنے ماموں کے پاس پیکو کا کام کرتا اور بھائیوں میں سب سے بڑا تھا۔ لواحقین غم سے نڈھال اور انصاف کے منتظر ہیں۔

بعدازاں، کراچی کے علاقے کورنگی میں ڈاکؤوں کی فائرنگ سے سترہ سالہ نوجوان ثاقب کی ہلاکت اور کزن کے زخمی ہونے کامقدمہ درج کرلیا گیا۔

مقدمہ تھانہ زمان ٹاؤن میں زخمی نوجوان مغروب احتشام کی مدعیت میں درج کیا گیا، مدعی مقدمہ کے مطابق گھر کا دروازہ کھول کر باہر آیا تو دیکھا موٹرسائیکل پر سوار دو ملزموں نے کزن ثاقب سے موبائل فون چھینا۔

مدعی کے مطابق کزن ثاقب کے مزاحمت کرنے اور میرے شور شرابہ کرنے پر ڈاکؤوں نے فائرنگ کر دی، دونوں ملزم 70 سی سی موٹرسائیکل پر سوار تھے اور سفید شلوار قمیض میں ملبوس تھے۔

ایف آئی آر کے مطابق ڈاکؤوں کی فائرنگ سے دو گولیاں لگنے سے کزن ثاقب جاں بحق اور میں ایک گولی لگنے سے زخمی ہو گیا۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے میں ملوث ملزموں کی تلاش شروع کر دی ہے، جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔

Read Comments