امریکا آبنائے ہرمز سے گزرنے والے جہازوں کو تحفظ فراہم کرے گا: صدر ٹرمپ
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ امریکا آبنائے ہرمز سے گزرنے والے تیل اور گیس بردار جہازوں کو حفاظتی اسکواڈ اور انشورنس فراہم کرے گا۔ پاسدارانِ انقلاب نے گزشتہ روز آبنائے ہرمز سے گزرنے والے جہازوں پر حملوں کی دھمکی دی تھی۔
صدر ٹرمپ نے بدھ کے روز سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا کہ اگر ضرورت پڑی تو امریکی بحریہ آبنائے ہرمز سے گزرنے والے ٹینکرز کو اسکواڈ فراہم کرنا شروع کر دے گی۔
ٹرمپ کا کہنا تھا کہ امریکا ہر صورت دنیا کو توانائی کی آزادانہ ترسیل یقینی بنائے گا اور اس سلسلے میں مزید اقدامات بھی کیے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ امریکی ڈیولپمنٹ فنانس کارپوریشن کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ فوری طور پر خلیجِ عمان سے گزرنے والی تمام بحری تجارت خصوصاً توانائی کے شعبے کے لیے مناسب نرخوں پر سیاسی رسک انشورنس اور مالی ضمانتیں فراہم کرے۔
آبنائے ہرمز عالمی سطح پر نہایت اہم گزرگاہ سمجھی جاتی ہے جہاں سے دنیا کو تقریباً 20 فیصد تیل کی ترسیل ہوتی ہے۔ قطر اور سعودی عرب سے نکلنے والی گیس اور خام تیل کی کھیپ اسی راستے سے روانہ ہوتی ہے۔
گزشتہ روز ایران کی پاسدارانِ انقلاب نے آبنائے ہرمز بند کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہر وہ جہاز جو یہاں سے گزرنے کی کوشش کرے گا، اسے نشانہ بنایا جائے گا۔
پاسدارانِ انقلاب کے سینئر کمانڈر بریگیڈیئر جنرل ابراہیم جباری نے سرکاری ٹی وی پر نشر ہونے والے بیان میں کہا تھا کہ ایران خطے سے تیل کا ایک قطرہ بھی باہر نہیں جانے دے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس علاقے سے گزرنے والی تیل کی پائپ لائنوں کو بھی نشانہ بنایا جاسکتا ہے۔















