امریکا اور اسرائیل کے ایران پر حملے، تہران سمیت کئی شہروں پر میزائل داغ دیے

ایران نے خلیجی ممالک میں امریکی اڈوں اور اسرائیل پر جوابی میزائل فائر، دفاعی عمارت کو نشانہ بنائے جانے کی اطلاع
شائع 02 مارچ 2026 10:08am

امریکا اور اسرائیل نے رات گئے تہران پر مزید میزائل حملے کیے جبکہ ایران نے خلیجی ممالک میں امریکی اڈوں اور اسرائیل پر جوابی میزائل فائر کیے۔ تازہ حملوں کے بعد دونوں جانب جانی و مالی نقصانات کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔

امریکی سینٹرل کمانڈ کے مطابق گزشتہ رات امریکی بی ٹو اسٹیلتھ بمبار طیاروں نے ایران میں بیلسٹک میزائل سائٹس کو نشانہ بنایا اور دو ہزار پاؤنڈ وزنی بم گرائے۔

تہران میں کئی رہائشی عمارتوں پر حملوں کی اطلاعات ہیں۔ ایران کے سرکاری ٹی وی کے ہیڈ آفس کو بھی میزائل سے نشانہ بنایا گیا جس کے بعد نشریات عارضی طور پر بند ہو گئیں۔

ادھر ایران نے خلیجی ممالک میں موجود امریکی فوجی اڈوں اور اسرائیل پر میزائل داغے۔ امریکی حکام کے مطابق ایرانی حملوں میں تین امریکی فوجی ہلاک اور پانچ زخمی ہوئے۔ امریکا اور برطانیہ کے تین آئل ٹینکرز کو بھی نشانہ بنائے جانے کی اطلاعات ہیں۔

یو ایس سینٹ کام نے امریکی بحری بیڑے ابراھیم لنکن پر چار بیلسٹک میزائل داغنے کی خبروں کی تردید کی ہے۔

اسرائیل کے مقبوضہ بیت المقدس کے علاقے بیت شمیش پر ایران نے فتح ٹو میزائل سے حملہ کیا جس کے نتیجے میں نو اسرائیلی ہلاک اور درجنوں زخمی ہو گئے۔ کئی عمارتیں ملبے کا ڈھیر بن گئیں جبکہ متعدد گاڑیاں بھی تباہ ہوئیں۔

ایران کی جانب سے رات گئے اسرائیل پر مزید میزائل داغے گئے جن میں ایک دفاعی عمارت کو نشانہ بنائے جانے کی اطلاع ہے۔ اسرائیل کے جنوبی علاقوں میں سائرن بج اٹھے اور اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔ صورتحال کے پیش نظر خطے میں کشیدگی مزید بڑھ گئی ہے۔