بھارتیوں کی دعا قبول؛ جنوبی افریقا کی ویسٹ انڈیز کو 9 وکٹوں سے شکست
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سپر ایٹ مرحلے کے اہم ترین میچ میں جنوبی افریقا نے ویسٹ انڈیز 9 وکٹوں سے شکست دے دی۔ ویسٹ انڈیز نے جیسن ہولڈر اور روماریو شیفرڈ کی ریکارڈ پارٹنرشپ کی بدولت 177 رنز کا ہدف دیا تھا۔ جنوبی افریقا نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے سترہویں اوور میں ہی فتح سمیٹ کر سیمی فائنل کی دوڑ میں اپنی جگہ مستحکم کرلی۔
احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں جنوبی افریقا نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ پروٹیز نے آغاز سے ہی ویسٹ انڈین بیٹرز کو اپنی تباہ کُن بولنگ سے جلد دبوچنے کی بھرپور کوشش کی۔
ویسٹ انڈیز کی ٹیم 83 رنز پر سات وکٹیں کھونے کے بعد شدید دباؤ کا شکار نظر آئی۔ جیسن ہولڈر اور روماریو شیفرڈ نے اس موقع پر ٹیم کو سنبھالا اور مجموعی اسکور 172 تک پہنچا دیا۔
دونوں بیٹرز نے جنوبی افریقا کے خلاف آٹھویں وکٹ پر 89 رنز کی پارٹنرشپ بنا کر نئی تاریخ رقم کر دی ہے۔ روماریو شیفرڈ 52 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے جب کہ جیسن ہولڈر آخری اوور میں 49 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوگئے۔
یہ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ کی تاریخ میں فُل ممبر ملک کی جانب سے آٹھویں وکٹ پر اب تک کی سب سے بڑی پارٹنر شپ ہے، جس نے اسکاٹ لینڈ کے پیٹرک مومسن اور سفیان شریف کا پرانا ریکارڈ توڑ دیا ہے، جنہوں نے 80 رنز کی پارٹنر شپ قائم کی تھی۔
جنوبی افریقا کی جانب سے لونگی اینگیڈی نے 30 رنز کے عوض تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ کگیسو ربادا اور کوربن بوش نے 2،2 شکار کیے۔
جنوبی افریقا بیٹرز اننگز کے آغاز سے ہی ویسٹ انڈین بالنگ لائن کو تہس نہس کر کے رکھ دیا اور پاورپلے میں بغیر کسی نقصان کے 69 رنز اسکور کیے۔
جنوبی افریقا کی واحد وکٹ آٹھویں اوور میں 95 رنز کے مجموعی اسکور پر گری جب کوئنٹن ڈی کاک 24 گیندوں پر 45 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ کپتان ایڈن مارکرم 82 جب کہ رائن رکلٹن 45 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
واضح رہے کہ جنوبی افریقا اس ورلڈکپ کے دوران ابھی تک ناقابلِ شکست رہی ہے۔
دوسری جانب بھارتی ٹیم اور شائقین بھی جنوبی افریقا کی اس جیت کے لیے دعاگو نظر آئے کیوں کہ اس جنوبی افریقا کی جیت سے گروپ میں اس کی پوزیشن مستحکم جب کہ ویسٹ انڈیز کی پوزیشن کمزور ہوئی ہے، جس کا ممکنہ طور پر بھارت کو فائدہ ہوسکتا ہے۔















