آئینہ وزیر دوبارہ کرکٹ نہیں کھیلے گی: فیصل کریم کنڈی کا انکشاف

آئینہ وزیر کی فیملی بہت ڈری ہوئی ہے، فیصل کریم کنڈی کی آج نیوز کے پروگرام میں گفتگو
شائع 25 فروری 2026 08:45pm

فیصل کریم کنڈی نے آج نیوز کے پروگرام ”اسپاٹ لائٹ“ میں انکشاف کیا ہے کہ آئینہ وزیر کی فیملی بہت ڈری ہوئی ہے۔ اب یہ بچی دوبارہ کرکٹ نہیں کھیلے گی۔

گورنر خیبر پختون خوا فیصل کریم کنڈی نے آج نیوز کے پروگرام ”اسپاٹ لائٹ“ میں گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ان کی کوشش تھی کہ وزیرستان سے تعلق رکھنے والی ہونہار بچی آئینہ وزیر کو پشاور بلایا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ چاہتے تھے کہ محسن نقوی سے درخواست کریں کہ بچی کو باقاعدہ ٹریننگ دی جائے تاکہ وہ اپنی صلاحیتوں کو نکھار کر پاکستان کا نام روشن کر سکے۔

گورنر کے پی کے مطابق آئینہ وزیر میں بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے اور اگر اسے مناسب تربیت اور مواقع فراہم کیے جائیں تو وہ قومی سطح پر نمایاں مقام حاصل کر سکتی ہے۔ تاہم اب انہیں یہ پیغام ملا ہے کہ آئینہ وزیر کی فیملی بہت خوفزدہ ہے۔

انہوں نے انکشاف کیا کہ اہل خانہ نے واضح طور پر کہا ہے کہ موجودہ حالات کے پیش نظر آئینہ وزیر دوبارہ کرکٹ نہیں کھیلے گی۔

فیصل کریم کنڈی نے آج نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے یہ بھی کہا کہ افغانستان نے دہشت گردوں کو جگہیں دی ہیں، ہم نے جو ثبوت دیے، افغانستان نے ان پر کوئی ایکشن نہیں لیا۔