ایران کو معاہدہ کرنا پڑے گا ورنہ نتائج برے ہوں گے: صدر ٹرمپ
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خبردار کیا ہے کہ 10 دن کے اندر ایران کے بارے میں صورت حال واضح ہو جائے گی اور کسی صورت ایران کو ایٹمی ہتھیار رکھنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
واشنگٹن میں غزہ بورڈ آف پیس کے پہلے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے امریکی صدر نے ایران کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ وقت آ گیا ہے کہ ایران امن کے راستے پر آئے اور خطے میں استحکام کے لیے ایٹمی ہتھیار نہ رکھے۔
ٹرمپ نے کہا کہ ایران کے پاس جوہری ہتھیار ہوں گے تو مشرق وسطیٰ میں امن ممکن نہیں ہوگا۔ امریکی صدر نے کہا کہ ایران کے ساتھ بات چیت جاری ہے اور وہ بامعنی معاہدہ چاہتے ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ تقریباً 10 دن میں ایران کے بارے میں صورت حال معلوم ہو جائے گی اور امریکی حکومت کو ایران کے ساتھ کچھ ٹھوس اقدامات کرنے ہوں گے۔
صدر ٹرمپ نے زور دیا کہ ایران کے لیے اب وقت آ گیا ہے کہ وہ امن کے راستے پر چلے اور معاہدہ کرے، ورنہ نتائج سنگین ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران کو معاہدہ نہ کرنے کی صورت میں اس کے نتائج براہ راست خطے اور عالمی سطح پر محسوس ہوں گے۔
واشنگٹن میں غزہ بورڈ آف پیس کے اجلاس میں انھوں نے اس عزم کا بھی اعادہ کیا کہ وہ مشرق وسطیٰ اور جنوبی ایشیا میں امن اور معاشی استحکام کے لیے کردار ادا کرتے رہیں گے۔















