بینک اکاؤنٹ میں موجود کتنی رقم پر زکوٰۃ کاٹی جائے گی؟ نوٹیفکیشن جاری

سیونگ اکاؤنٹس، منافع و نقصان میں شراکت والے اکاؤنٹس اور مختلف اقسام کے ڈپازٹس پر زکوٰۃ لاگو ہوگی۔
اپ ڈیٹ 17 فروری 2026 01:13pm

وزارتِ تخفیفِ غربت و سماجی تحفظ نے رواں سال زکوٰۃ کٹوتی سے متعلق باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ اعلامیے کے مطابق یکم رمضان المبارک کو بینک کھاتوں سے زکوٰۃ کی کٹوتی کی جائے گی۔

اس سال وہ تمام بینک اکاؤنٹس جن میں پانچ لاکھ تین ہزار پانچ سو انتیس روپے سے زائد رقم موجود ہوگی، ان سے مقررہ شرح کے مطابق زکوٰۃ منہا کی جائے گی۔

وزارت کے مطابق سیونگ اکاؤنٹس، منافع و نقصان میں شراکت والے اکاؤنٹس اور مختلف اقسام کے ڈپازٹس پر زکوٰۃ لاگو ہوگی۔

تاہم جن کھاتوں میں رقم مطلع شدہ حد سے کم ہوگی، وہ اس کٹوتی سے مستثنیٰ رہیں گے۔

بینکوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مقررہ تاریخ پر خودکار نظام کے تحت زکوٰۃ کی رقم منہا کریں۔

حکام کا کہنا ہے کہ زکوٰۃ کی کٹوتی کا عمل ہر سال رمضان المبارک کے آغاز پر کیا جاتا ہے اور اس کا مقصد مستحق افراد تک مالی معاونت پہنچانا ہے۔

شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ اپنے اکاؤنٹس کی صورتحال سے آگاہ رہیں اور اگر کسی کو شرعی طور پر استثنا درکار ہو تو متعلقہ بینک سے پیشگی رابطہ کریں۔